ہندوستان کو دھکہ : ہندوستانی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی

   

معاشی کمزوری سے نمٹنے حکومت کی پالیسی غیر مؤثر، شرح نمو میں انحطاط
نئی دہلی 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو آج اُس وقت زبردست دھکہ لگا جب ایک بین الاقوامی سیاسی، سماجی و مالیاتی تحقیقی ادارہ ’موڈی‘ کی سرمایہ کاری خدمات نے اس ملک (ہندوستان) کی کریڈٹ ریٹنگ کے منفی زمرہ میں رکھا جو دراصل کسی ملک کی معیشت کے انحطاط و تنزلی کی سمت پہلا قدم تصور کیا جاتا ہے۔ موڈی نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ مودی حکومت معاشی کمزوریوں سے نمٹنے میں جزوی طور پر غیر مؤثر ثابت ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں ملک کی شرح نمو بدستور کم سطح پر رہنے کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بیرونی کرنسی ریٹنگس بدستور Baa2 پر برقرار رہے جو سرمایہ کاری درجہ بندی کے اسکور میں کمترین ہے۔ ’موڈی‘ نے مارچ 2020 تک گھریلو پیداوار میں 3.7 فیصد خسارہ کی پیش قیاسی کی ہے۔ موڈی نے اپنے بیان میں کہاکہ ان اعداد سے دراصل اقتصادی کمزوری سے نمٹنے میں جزوی طور پر حکومت اور اس کی پالیسی کے غیر مؤثر ہونے کی جھلک ملتی ہے۔