یدی یورپا کا دورہ دہلی، آپریشن لوٹس کے متاثر نااہل ارکان کو بچانے کی کوشش

,

   

چیف منسٹر کو کرسی بچانے کی فکر، سیلاب کے متاثرین کی فکر نہیں: دیوے گوڑا، کمارا سوامی

بنگلورو 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں سیلاب کے متاثرین کے لئے مرکز سے امداد کے حصول میں تاخیر پر چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جے ڈی ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے الزام عائد کیاکہ اول الذکر کو ریاست کے عوام سے کہیں زیادہ محض اپنا عہدہ بچانے کی فکر پڑی ہے۔ دیوے گوڑا نے کہاکہ ’(یدی یورپا کے لئے) عوام کی کوئی فکر نہیں ہے بلکہ کرسی کافی اہم ہے اور کسی سیاستداں کے لئے جب کرسی ہی اہم بن جاتی ہے تو وہ عوام کے بارے میں نہیں سوچتا‘۔ دیوے گوڑا نے کہاکہ ریاست کے 22 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں اور اس حالت میں وہ ارکان اسمبلی کی نااہلی کے سوال پر بات کرنا نہیں چاہئے تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ ایک سیاسی ڈرامہ ہے جب چیف منسٹر کہتے ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کے لئے فنڈس کی طلبی کے لئے وہ دہلی گئے تھے۔ سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے بھی کئی سلسلہ وار ٹوئٹس کرتے ہوئے کہاکہ یدی یورپا محض ’جمہوریت دشمن آپریشن لوٹس میں نااہلی کے شکار ارکان اسمبلی کے مفادات کو بچانے کی کوشش میں دہلی گئے تھے۔ کمارا سوامی نے کہاکہ مرکزی وزیرداخلہ اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے آپریشن لوٹس کی سازش رچی گئی تھی۔ کمارا سوامی دراصل آپریشن لوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس اور جنتادل (سیکولر) کے ان ارکان کا تذکرہ کررہے تھے جنھوں نے جولائی میں ان کی مخلوط حکومت کو بیدخل کرنے کے لئے ایوان کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ بعدازاں اسپیکر نے ان کے 17 ارکان اسمبلی کے استعفوں کو نامنظور کرتے ہوئے اُنھیں 2023 تک مخالف پارٹی سرگرمیوں کی پاداش میں نااہل قرار دیا تھا۔