برسلز ۔ 27 نومبر (ایجنسیز) یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے جمعرات 26 نومبر کو کویت پر ڈرون طیاروں کے حملے، جس میں دو اطالوی شہری ہلاک ہوئے، کے بعد ایران پر دباؤ تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔وان ڈیر لیین نے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج کے واقعات ایک بار پھر یاد دلاتے ہیں کہ خلیجی خطے میں سلامتی ایک ایسا معاملہ ہے جس کا تعلق ہر ایک سے ہے، جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ خطے میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے اثرات اس کی جغرافیائی حدود سے تجاوز کر جاتے ہیں۔یورپی کمیشن کی خاتون صدر کا یہ موقف تہران کے حوالے سے زیادہ سخت لہجے کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ انہوں نے کویت کو نشانہ بنانے والے حملے اور ایران پر دباؤ کی سطح بڑھانے کی ضرورت کے درمیان تعلق جوڑا ہے۔اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے جمعرات کے روز کویت پر ایرانی ڈرون طیاروں کے حملے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد جرمن دفاعی صنعتوں کے گروپ رائن میٹل کے اطالوی یونٹ میں کام کرنے والے تکنیکی ماہرین تھے۔ جمعرات کا حملہ اس ماہ کویت پر ہونے والا دوسرا ایرانی حملہ ہے۔روم میں تاجانی نے سینیٹ کو آگاہ کیا کہ دونوں تکنیکی ماہرین کویت میں فضائی دفاع کے ایک نگرانی سٹیشن پر کام کر رہے تھے جب اسے ایرانی ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کویت سے موصول ہونے والی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہمارے دونوں شہری ایک زوردار دھماکے کے بعد ہلاک ہو گئے۔ دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔ ان زخمیوں میں ایک پاکستانی شہری اور کویتی فوج کا ایک افسر شامل ہے۔