ماسکو ۔ 7 نومبر (ایجنسیز) روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے رات بھر یوکرین کے عسکری صنعتی شعبہ، توانائی کے مراکز اور دارالحکومت کیف اور اس کے اطراف کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق ان حملوں میں کیف کے ناردرن برج کو نشانہ بنایا گیا، جسے روس نے یوکرینی فوج کیلئے اسلحہ، فوجی ساز و سامان اور گاڑیوں کی ترسیل کا اہم راستہ قرار دیا۔ روس کا یہ بھی کہنا ہے کہ میریڈیئن پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں مبینہ طور پر فلیمنگو کروز میزائل تیار کیے جاتے ہیں۔ وزارتِ دفاع کے مطابق کیف کے علاقہ میں ایک پاور پلانٹ، بجلی کے سب اسٹیشن اور اسلحہ سازی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔ روس نے مزید دعویٰ کیا کہ ڑیٹومیر کے علاقہ میں ایک بجلی کے سب اسٹیشن اور بحیرہ اسود میں ایک مال بردار جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو اس کے بقول یوکرین کے لیے فوجی ساز و سامان اور دوہرے استعمال کی اشیاء لے جا رہا تھا، یعنی ان کا استعمال سول کے ساتھ ساتھ عسکری مقاصد کیلئے بھی کیا جا سکتا ہے۔ یوکرین کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم روس کے مختلف علاقوں پر یوکرین نے بھی متعدد ڈرون اور میزائل حملے کئے جن سے معمولی نقصان ہوا۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے رات بھر روس کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں 411 یوکرینی ڈرونز تباہ کیے۔