آئرلینڈ کے خلاف کامیابی، افغان کھلاڑیوں کو درجہ بندی میں فائدہ

   

دبئی ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آئرلینڈ کو واحد ٹسٹ میں شکست دینے والے افغان کرکٹرزکو آئی سی سی درجہ بندی میں ترقی کا انعام مل گیا ۔ مین آف دی سریز رحمت شاہ 88 درجے کی طویل چھلانگ کے بعد 89 ویں مقام پر فائز ہوگئے۔ آئی سی سی نے آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان واحد ٹسٹ کے اختتام پر جو تازہ ترین درجہ بندی جاری کی اس کے مطابق افغان بیٹسمین رحمت شاہ نے 88 درجے بہتری کے بعد 89 ویں مقام پر جگہ بنا لی اور اپنے ملک کے درجہ بندی کے اعتبار سے بہترین بیٹسمین بھی بن گئے۔کپتان اصغر افغان 24 درجے ترقی کے بعد 106 ویں نمبر پر جا پہنچے۔ بولنگ کے شعبے میں یامین احمد زئی کوچھ وکٹوں نے 45 درجے ترقی کے باعث50 ویں نمبر پر پہنچا دیا جبکہ لیگ اسپنر راشد خان نے پہلی مرتبہ پانچ وکٹوں کے کارنامے کی بدولت پچاس درجے چھلانگ کر 67 واں مقام سنبھال لی۔ آئرلینڈ کی جانب سے کیون اوبرائن کو چار درجے بہتری کے ساتھ 68 ویں درجے پر جگہ ملی جبکہ فاسٹ بولر ٹم مرتاگ نے گیارہویں نمبر پر نصف سنچری بناکر 59 مقامات کی ترقی کرلی ہے۔یادرہے کہ آئرلینڈ اپنی تاریخ کا پہلا اور افغانستان نے دوسرا ٹسٹ کھیلا ہے۔