آئندہ انتخابات تک ووٹر لسٹ کو آدھار سے مربوط کردیا جائیگا

   

تفصیلات فراہم کرنا لازمی نہیں۔ وجہ بتانی ہوگی ۔ سبکدوش چیف الیکشن کمشنر کا انٹرویو

حیدرآباد۔ 15 مئی(سیاست نیوز) آئندہ عام انتخابات سے قبل فہرست رائے دہندگان سے آدھار کارڈ کو مربوط کردیا جائے گا لیکن ووٹرس کو آدھار کارڈ کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی نہیں ہوگا بلکہ اگر کوئی اپنے آدھار کارڈ کی تفصیلات فراہم نہیں کرنا چاہتا ہے تو اسے وجہ بتانی ہوگی کہ کیوں وہ آدھار کارڈ کی تفصیلات دینے کے حق میں نہیں ہیں۔ملک میں انتخابی اصلاحات کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کیا جاچکا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں ووٹر لسٹ کو آدھار سے مربوط کرنے اور سال میں 4مرتبہ فہرست میں نئے نامو ںکے اندراج کیلئے احکام جاری کئے جائیں گے۔ سابق چیف الیکشن کمشنرمسٹر سشیل چندرا نے سبکدوشی سے قبل انٹرویو میں بتایا کہ کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ کو آدھار سے مربوط کرنے چند ماہ قبل پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے بعد کمیشن نے فہرست کو آدھار سے مربوط کرکے اسے شفاف بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اعلامیہ کا مسودہ مرکز کو روانہ کردیا گیا ۔ مسٹر سشیل چندرا نے بتایا کہ ووٹر لسٹ سے آدھار کو مربوط کرنے سے ووٹرس کو کافی معلومات فراہم کی جاسکتی ہیں اور کمیشن ووٹرس سے رابطہ میں آسکتا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ آدھار کارڈ کی تفصیلات فراہم کرنے میں پس و پیش کا انہیں خدشہ نہیں ہے لیکن اگر کوئی ووٹر آدھار کی تفصیلات فراہم نہیں کرنا چاہتا تو اسے وجہ بتانی ہوگی۔ سابق چیف الیکشن کمشنر نے انکشاف کیا کہ سال میں ایک سے زائد مرتبہ 18 سال عمر والے نوجوانوں کو ووٹر لسٹ میں اندراج کا موقع فراہم کرنے خواہش کی گئی تھی جس پر غور کے بعد کمیشن نے سال میں 4 مرتبہ اندراج کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اعلامیہ حکومت کو روانہ کردیا گیا جس کا وزارت قانون میںجائزہ لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن کی انتخابی اصلاحات جلد مکمل کرلئے جانے کا امکان ہے ‘ توقع ہے کہ آئندہ دو ماہ میں کمیشن کی جانب سے مرکز کوروانہ کئے گئے مسودات پر اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔