حیدرآباد۔ 9 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے آئندہ تعلیمی سال سے انٹرمیڈیٹ طلبہ کے لئے انٹرنلس شروع کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ نصاب پر نظرثانی کے لئے مقررہ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں مضامین کے ماہرین نے انٹرمیڈیٹ طلبہ کے لئے بھی انٹرنل اسیسمنٹس شروع کرنے کی تجویز پیش کی جس پر بورڈ کی جانب سے اس پر غور کیا جارہا ہے۔ اگر یہ تجویز بارآور ہوتو انٹرمیڈیٹ امتحانات 80 نشانات کے لئے منعقد کئے جائیں گے اور مابقی نشانات انٹرنل اسیسمنٹس، پراکٹیکل یا پراجکٹس کے لئے مختص کئے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ذرائع کے مطابق طلبہ پر تعلیم کے بوجھ اور دباؤ کو کم کرنے کے علاوہ سیکھنے کی سرگرمیوں میں ان کے حصہ لینے کو بڑھاوا دینا ہے۔