تمام افراد کو بوسٹر ڈوز کا اہل قرار دیا جائے ۔ درمیانی وقفہ میں بھی کمی کی وکالت ۔ ہریش راؤ کا مرکز کو مکتوب
حیدرآباد18 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا مریضوں میں آئندہ تین ہفتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ تین ہفتہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کو مکتوب روانہ کرکے کورونا ٹیکہ سے ہونے والے فوائد اور وائرس کا شکار افراد کی جلد صحت یابی کا تذکرہ کرتے ہوئے خواہش کی کہ بوسٹر ٹیکہ کیلئے جو 9ماہ کا وقفہ رکھا گیا ہے اس میں تخفیف کرکے 6ماہ کیا جائے تاکہ زیادہ شہریوں کو ٹیکہ لینے میں سہولت ہو۔ ہریش راؤ نے مکتوب میں پہلے اور دوسرے ٹیکہ کے درمیان 6ماہ کے وقفہ کو گھٹا کر تین ماہ کیا جائے۔ انہوں نے 60 سال سے زائد کے تمام شہریوں کو بوسٹر ٹیکہ کیلئے مجاز قرار دینے کی اپیل کی اور کہا کہ فی الحال مختلف عوارض میں مبتلاء افراد کیلئے بوسٹر کی گنجائش ہے اسے ختم کیا جائے اور تمام کو ٹیکہ کا اہل قرار دیا جائے۔علاوہ ازیں 18 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو کورونا بوسٹر ٹیکہ کیلئے اہل قرار دیا ۔ وزیر صحت نے مکتوب میں کہا کہ وہ تجاویز اس لئے روانہ کررہے ہیں کیونکہ امریکہ اور برطانیہ میں شریک دواخانہ ہونے والوں کی بڑی تعداد وہ ہے جنہوں نے ٹیکہ نہیں لیا ہے اسی لئے ٹیکہ تک ہر شہری کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہو ںنے مرکزی حکومت سے خواہش کی کہ وہ ان کی تجاویز کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لے کر ان پر عمل کے احکامات کی اجرائی عمل میں لائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکہ دیا جاسکے۔ ہریش راؤ نے ضلع محبوب نگر میں سرکاری دواخانہ کے افتتاح کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سماجی فاصلہ کی برقراری اور ماسک لازمی استعمال کرلیں تاکہ آئندہ تین ہفتوں میں ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکنے میں مدد مل سکے ۔وزیر صحت نے بتایا کہ ریاستی حکومت متاثرین کے بہتر اور معیاری علاج کیلئے ممکنہ کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کا شکار ہونے پر خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ حکومت کی کٹس میں دی گئی ادویات سے صحت یاب ہوسکتے ہیں اور کورونا مریض ان کے استعمال سے اندرون 5یوم صحت یاب ہورہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے نمٹنے محکمہ صحت پوری طرح تیار ہے اور عوام کو خانگی و کارپوریٹ دواخانوں میں شریک ہو کر مقروض ہونے کے بجائے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے تلنگانہ کے سرکاری دواخانو ںمیں درکار ادویات ‘ آکسیجن کے علاوہ بستروں کی سہولت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے تیار ہے اور تمام اضلاع میں بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ کورونا وائرس معائنوں اور ٹیکہ اندازی کا عمل جاری ہے۔م