آئندہ دس سال میں ہندوستان میں تیز رفتار ترقی

   

سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی ، سیلیکان ویلی کے سروے میں انکشاف
حیدرآباد۔دنیا بھر سے منفی خبروں کے اس دور میں سیلیکان ویلی نے ایک مثبت خبر دی ہے۔ سیلیکان ویلی کی جانب سے کئے گئے سروے میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ آئندہ 10 برسوں میں ہندستان چنندہ شعبوںمیں تیزی سے ترقی کرے گاا ور اس تیز رفتار ترقی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے اس دور میں ہونے والے نقصانات کی پابجائی کا بیرونی راست سرمایہ کاری واحد حل ہے۔ رپورٹ میں اس بات کا دعوی کیا گیا ہے کہ آئندہ دس برسوں کے دوران ہندستان میں صنعتی شعبہ‘ ای ۔کامرس‘انفارمیشن ٹکنالوجی اور ادویات سازی کے شعبوں میں 20 بلین ڈالر کی بیرونی راست سرمایہ کاری کا امکان ہے۔اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرونی کمپنیوں کی جانب سے ان ہندستانی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ ادویات سازی ‘ ای ۔کامرس اور دیگر صنعتی اداروں سے جڑی ہوئی ہیں۔سیلیکان ویلی نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ہندستان میں عملہ بہ آسانی دستیاب ہونے کے علاوہ صلاحیتوں کا فقدان نہیں ہے اسی لئے بیرون ملک موجود سرمایہ کاروںکی جانب سے ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کے اختتام کے بعد جو صورتحال ہوگی اس میں بھی ہندستان میں موجود باصلاحیت نوجوانوں کو دیگر ممالک میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا کوئی موقع میسر آنے کے امکانات نہیں ہیں اسی لئے وہ ان کمپنیوں سے وابستہ ہونے لگ جائیں گے اور ان کی صلاحیتوں سے کمپنیوں کو کافی فائدہ ہوگا اور بیرونی راست سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار کرنے والے سرمایہ کارو ںکی جانب سے ان اداروں کو کافی سرمایہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔