3 کیلو میٹر طویل فلائی اوور کی تعمیر پر 263 کروڑ کے مصارف
حیدرآباد ۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گچی باؤلی علاقہ میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے 263 کروڑ روپئے کے مصارف سے 3 کیلو میٹر طویل کتہ گوڑہ تک فلائی اوور تعمیر کیا گیا ہے۔ جی ایچ یم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ نئے سال کے تحفہ کے طور پر آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتہ میں ریاستی وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر اس فلائی اوور کا افتتاح کریں گے۔ تین کیلو میٹر طویل اس فلائی اوور کے علاوہ حکام نے ایک انڈر پاس کی تعمیرات بھی مکمل کی ہے جس کی لمبائی 470 میٹر اور چوڑائی 11 میٹر ہے۔ بتایا گیا ہیکہ 65 کیلو میٹر لمبا کلوزڈ باکس اور 425 میٹرس اوپن باکس انڈر پاس تیار کیا گیا ہے۔ کتہ گوڑہ کے فلائی اوور کی تعمیر سے گچی باؤلی اور کنڈاپور کے عوام کو بہت بڑی راحت حاصل ہوگی۔ گچی باؤلی تا میاں پور اور فینانشیل ڈسٹرکٹ تا ہائی ٹیک سٹی تک اس کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں کو کنیکٹیویٹی حاصل ہوگی۔ اس فلائی اوور سے بوٹانیکل گارڈن اور کتہ گوڑہ جنکشن میں صدفیصد ٹریفک کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ کنڈاپور جنکشن کے 65 فیصد ٹریفک مسائل حل ہوں گے۔ گریٹر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے اسٹرٹیجک روڈس ڈیولپمنٹ اسکیم (ایس آر ڈی پی) کے تحت بڑے پیمانے پر ترقیاتی و تعمیری کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ سگنل فری ٹرانسپورٹ نظام کی فراہمی کیلئے جملہ 41 کام کئے جارہے ہیں جس میں 30 کام مکمل ہوگئے ہیں۔ دوسرے محکمہ جات سے متعلق مزید 6 کام آئندہ تین ماہ میں مکمل ہوجائیں گے۔ تاحال 17 فلائی اوورس کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ن