اسرائیل کے بیروت پر حملوں کی وجہ سے دستخط میں ہوئی تاخیر ۔ پوٹن کے ساتھ فون پر صورتحال پر تبادلہ خیال
واشنگٹن 14 جون ( ایجنسیز ) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج رات کہا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدہ پر آئندہ چند گھنٹوں میں دستخط کردئے جائیں گے ۔ اکسیوس نے یہ اطلاع دی ۔ ٹرمپ نے خبر رساں ادارے کو ایک فون کال میں بتایا کہ لبنان پر اسرائیل کے حملوں کی وجہ سے اس میںت اخیر ہوئی ہے اور معاہدہ آگے نہیں بڑھ سکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ پر دستخط کا عمل چند گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہوگیا ہے اور اس پر آئندہ چند گھنٹوں میں دستخط کردئے جائیں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بیروت پر اسرائیلی فضائی حملوں پر اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نتن یاہو کو اس حملے کی ضرورت کیا تھی ؟ ۔ میں اس حملے پر ناراض ہوا اور اپنی ناراضگی سے انہیں ( نتن یاہو کو ) واقف کروادیا ہے ۔ ان کا فیصلہ درست نہیں تھا ۔ اس دوران کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران ۔ امریکہ امن معاہدہ پر روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے بات کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کی 80 ویں سالگرہ پر پوٹن نے ٹرمپ کو فون کیا تھا اور دونوں قائدین نے مشرق وسطی تنازعہ پر بات چیت کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین جس یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جانے ہیں اس پر بات چیت میں توجہ مرکوز کی گئی ۔