آئندہ 12 ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت: ریونت ریڈی

   

آنجہانی وائی ایس آر کی طرح حکمرانی ہوگی، سابق چیف منسٹر کو کانگریس کا خراج
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کانگریس کے خلاف سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی کمی محسوس ہورہی ہے۔ راج شیکھرریڈی نے آندھراپردیش میں ترقی اور فلاح و بہبود کے ذریعہ غیر معمولی حکمرانی کی۔ اگر آج وہ زندہ ہوتے تو بی جے پی اور ٹی آر ایس کو کانگریس کے خلاف سازش کی ہمت نہیں ہوتی۔ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے یوم پیدائش پر کانگریس کی جانب سے خراج پیش کیا گیا۔ پنجہ گٹہ میں واقع مجسمہ پر سینئر قائدین نے گلہائے عقیدت پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وائی ایس آر دور حکومت میں متحدہ آندھراپردیش ترقی اور فلاح و بہبود کے شعبہ میں ملک کی مثالی ریاست تھی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام کے دلوں میں ان کا نام ہمیشہ باقی رہے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی کے مشن کو جاری رکھنے ان تمام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی اور کانگریس پارٹی کو مسلسل دوسری مرتبہ اقتدار تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ آج راج شیکھر ریڈی جیسے قائد کی ضرورت ہے۔ کمزور طبقات اور اقلیتوں کیلئے راج شیکھرریڈی کے کارنامے فراموش نہیں کئے جاسکتے ۔ غریبوں کے مفت علاج کیلئے آروگیہ شری اسکیم ، کسانوں کو مفت برقی کی سربراہی ، فیس ری ایمبرسمٹ، حیدرآباد میٹرو ریل ، آوٹر رنگ روڈ اور دیگر پراجکٹس راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ ہے۔ راج شیکھر ریڈی نے جن آبپاشی پراجکٹس کا آغاز کیا تھا ، ان کی آج تکمیل کی جارہی ہے۔ آئندہ 12 ماہ میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی اور وائی ایس آر کی طرح حکومت کام کرے گی۔ اس موقع پر سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، پونالہ لکشمیا ، کے وی پی رامچندر راؤ ، انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، بلرام نائک ، ڈی شراون ، ملو روی ، انیل کمار یادو ، واجد حسین ، وجیہ ریڈی ، عثمان محمد خان اور دیگر موجود تھے۔ر