آئندہ 90 دنوں میں مزید 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات : ریونت ریڈی

,

   

ایک سال میں 60 ہزار تقررات کا نشانہ، طلبہ اور نوجوان احتجاج سے گریز کریں، فائر مینس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیاکہ آئندہ 90 دنوں میں مزید 30 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے آج رنگاریڈی ضلع میں فائر سرویسس ڈپارٹمنٹ میں تقرر کردہ 483 نئے فائر مینس کے چوتھے بیاچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی سلامی لی۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ نوجوانوں کی خواہشات کے عین مطابق تلنگانہ حکومت کام کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ روزگار، پانی اور وسائل کیلئے علیحدہ تلنگانہ جدوجہد کی گئی تھی اور اِسی جدوجہد کے نتیجہ میں علیحدہ ریاست حاصل ہوئی۔ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے نوجوان گزشتہ 10 برسوں سے روزگار کا انتظار کررہے ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی 31 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے احکامات جاری کئے گئے۔ آنے والے 90 دنوں میں مزید 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اُلجھن کا شکار نہ ہوں اور احتجاجی راستہ اختیار نہ کریں۔ چیف منسٹر نے کسی بھی سنگین صورتحال میں فائر سرویس ڈپارٹمنٹ کی خدمات کو سراہا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کے بجٹ میں تعلیم، زراعت اور نوجوانوں کی ترقی کے لئے زائد بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ کسانوں کو معاشی بحران سے نجات دلانے کے لئے کانگریس حکومت نے قرض معافی اسکیم متعارف کی۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم، صحت اور آبپاشی پراجکٹس جیسے شعبہ جات کو بجٹ میں ترجیح دی گئی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ سابق حکومت کے دور میں اِس بات کی کوئی ضمانت نہیں تھی کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں کب حاصل ہوں گی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تقررات کا عمل جاری ہے اور طلبہ اور نوجوانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بیروزگار نوجوان اپنے مسائل کے لئے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے نئے تقرر شدہ فائر مینس کو مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد بہتر خدمات انجام دیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ٹریننگ کی تکمیل کو دیکھ کر فائر مینس کے والدین کے دل خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ فائر مین سماج کے تحفظ میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سرکاری ملازمین کا حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق ایک سال میں حکومت کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اقتدار کے ایک سال میں حکومت 60 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اِس سلسلہ میں طے شدہ شیڈول کے مطابق تقررات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ کسی بھی مسئلہ کے حل کیلئے ارکان اسمبلی، وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں۔ میں آپ کے بھائی کی حیثیت سے مسائل حل کرنے تیار ہوں۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا اور محکمہ داخلہ کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ 1