دن بھر افرا تفری کی کیفیت ۔ کئی پمپس پر پٹرول و ڈیزل ختم ہوگیا تھا ۔ آج سے صورتحال معمول پر آجانے کی توقع
حیدرآباد 2 جنوری ( سیاست نیوز ) ایک دن کی گہما گہمی اور افرا تفری والی کیفیت کے بعد کل چہارشنبہ کی صبح سے ریاست اور دونوں شہروں میں بھی پٹرول و ڈیزل کی سربراہی معمول کے مطابق ہوجائے گی ۔ آج شام آئیل ٹینکرس ڈرائیورس اور ٹرک ڈرائیورس نے اپنی ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ ملک بھر میں یہ ہڑتال شروع ہوئی تھی تاکہ مرکزی حکومت کے نئے مروجہ قوانین کے خلاف احتجاج کیا جاسکے ۔ مرکزی حکومت نے معتمد داخلہ کو ہڑتال ختم کروانے کی ذمہ داری دی تھی جس کے بعد مذاکرات کامیاب ہوئے اور ٹرک آپریٹرس نے اپنی ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ ہڑتال کی وجہ سے آج ملک کی بیشتر ریاستوں بشمول تلنگانہ میں پٹرول اور ڈیزل کی سربراہی متاثر ہوئی تھی ۔ افواہوں کا بازار بھی گرم ہوگیا تھا جس کے بعد عوام کی بھیڑ ساری ریاست اور دونوں شہروں میں پٹرول پمپس پر امڈ پڑی تھی ۔ ہر پمپ پر سینکڑوں گاڑیاں پہونچ گئی تھیں تاکہ پٹرول حاصل کرسکیں۔ بھیڑ اور ہجوم کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور چونکہ سپلائی میں رکاوٹ آئی تھی اس لئے کئی پمپس پر اسٹاک بھی ختم ہوگیا تھا ۔ عوام کئی کئی کیلومیٹر دور سے پٹرول لانے کی کوشش کرتے دکھائی دئے ۔ تاہم شام میں ہڑتال ختم ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پٹرول پمپس مالکین نے عوام کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا۔ رات دیر گئے اطلاع ملی کہ ہڑتال ختم ہونے کے بعد آئیل ٹینکر ڈرائیورس کام پر لوٹنے لگے اور پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بحال ہو رہی ہے ۔ ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن ‘ انڈین آئیل کارپوریشن اور دیگر کمپنیوں سے آئیل ٹینکرس اضلاع و شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی شروع کرچکے ہیں۔ رات دیر گئے تک کچھ پمپس پر صورتحال بحال ہوئی اور چہارشنبہ کی صبح سے ریاست بھر میں پٹرول وڈیزل کی سپلائی کے بعد صورتحال معمول پر آنے کی توقع ہے ۔ سپلائی میں رکاوٹ و پمپس پر اسٹاک ختم ہونے کے بعد افواہوں کا بازار بھی گرم ہوگیا تھا ۔ پٹرول سپلائی متاثر ہونے سے سڑکوں پر دیکھا گیا جہاں پٹرول پمپس وغیرہ پر بے تحاشہ بھیڑ دیکھی گئی وہیں ٹریفک میں خاطر خواہ کمی محسوس ہوئی تھی ۔