نئی دہلی : اتراکھنڈ میں سرنگ میں پھنسے مزدوروں کے بحفاظت نکالے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ اتراکھنڈ میں زیر تعمیر سرنگ میں ہمارے 41 مزدور بھائی کئی دنوں سے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے تھے ۔ اب بحفاظت باہر نکل آئے ہیں خوشی کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرنگ سے نکالنا بہت مشکل تھا، امریکہ سے جدید مشینری منگوائی گئی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکی۔ اس کے بعد دہلی کے ایک چھوٹے سے گروپ نے جس میں منا قریشی، وکیل خان، فیروز اور کچھ غیر مسلم بھائی شامل تھے ۔ ان کی ٹیم نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر کئی دنوں سے سرنگ میں پھنسے کارکنوں کو بحفاظت نکالنے کا بہترین کام سر انجام دیا۔مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ اس پر ہر بھارتی شہری بے حد خوش ہے ۔ میں اس پورے گروپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے مفاد میں اتنا بڑا کام کیا ہے ۔ میں مزدور بھائیوں کے اہل خانہ کی خوشیوں میں پوری طرح شریک ہوں۔ میری کوشش ہے کہ جس گروپ نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر مزدوروں کی زندگی بچانے کی کامیاب کوشش کی، ان کی بطور انعام کچھ خدمت کر سکوں۔