آن لائین ٹریننگ کی سہولت ۔ معالجاتی طریقہ کار میں بہتری لانے کی کوشش
حیدرآباد 17 ستمبر ( سیاست نیوز ) انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹکنالوجی حیدرآباد IIIT-H کی جانب سے پیشہ طب سے وابستہ افراد کیلئے نیشنل اکیڈیمی آف میڈیکل سائینس کے اشتراک سے مصنوعی ذہانت کا آن لائین کورس شروع کیا جا رہا ہے ۔ یہ اکیڈیمی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے تحت خود مختار ادارہ ہے ۔ اس کورس کیلئے IHub-Data سے بھی اشتراک کیا گیا ہے ۔ 12 ہفتوں کا آن لائین کورس پیشہ طب سے وابستہ افراد کیلئے مصنوعی ذہانت کا ہوگا ۔ اس سے یہ ماہرین معالجاتی طریقہ کار کو بہتر بنانے اور اس کو سمجھنے میں مصنوعی ذہانت ٹکنالوجیز کو اختیار کرنے کے اہل ہونگے ۔ اس سے مریضوں کی نگہداشت کو بھی بہتر بنایا جاسکے گا ۔ اس میں تھیوری اور ٹیٹوریل دونوں کو شامل رکھا گیا ہے ۔ کورس میں مصنوعی ذہانت کی بنیادی تعلیم کے علاوہ مشین لرننگ ‘ ڈیپ لرننگ اور کیس اسٹڈیز جیسے امکانات کا احاطہ کیاجائیگا ۔ ان میں اسکریننگ ‘ ڈائیگناسیس ‘ پروگنوسیس اور پیشنٹ مینجمنٹ کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ پیشہ طب کے ماہرین اس کورس کے ذریعہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اقدار پر مبنی اور سرکاری امور سے بھی واقفیت حاصل کرسکتے ہیں۔ ویڈیو لیکچرس کے علاوہ ہفتہ وار رابطہ سشن اور کیس اسٹڈیز کا بھی اہتمام کیا جائیگا ۔ اس پروگرام میں کچھ 200 میڈیکل پروفیشنلس شرکت کرینگے جن میں سینئر فیکلٹی ‘ ریسرچ ممبرس وغیرہ بھی شامل ہونگے ۔