آئی اے ایس ٹاپر جوڑا طلاق کیلئے رجوع

,

   

جئے پور ۔ یو پی ایس سی امتحان 2015 میں ٹاپ کرنے والی ٹینا دابی نے اپنی شادی سے دو سال بعد اپنے آئی اے ایس ٹاپر شوہر اطہر خان سے طلاق کیلئے جئے پور کے ایک فیملی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹینا دابی اور اطہر خان نے باہمی اتفاق سے طلاق کیلئے درخواست داخل کی ہے ۔ یو پی ایس سی امتحان 2015 میں ٹینا دابی نے ملک بھر میں پہلا اور اطہر خان نے دوسرا مقام حاصل کیا تھا ۔ دونوں کے مابین لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈیمی برائے اڈمنسٹریشن مسوری میں قربتیں بڑھی تھیں اور پھر انہوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ ان کی شادی کے ملک بھر میں چرچے بھی ہوئے تھے ۔ ان کی شادی کو کچھ لوگوں نے غلط قرار دیا تھا تو کچھ نے اسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قرار دیا تھا ۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی اس جوڑے کو شادی پر مبارکباد پیش کی تھی ۔ ٹینا دابی اور اطہر خان دونوں ہی کو آئی اے ایس راجستھان کیڈر الاٹ کیا گیا تھا ۔ دونوں نے بہترین خدمات انجام دی ہیں۔ ٹینا دابی پہلی دلت خاتون تھیں جنہوں نے یو پی ایس سی ٹاپ کیا تھا جبکہ اطہر خان جنوبی کشمیر سے تعلق رکھتے تھے ۔ دابی کا تعلق بھوپال سے بتایا گیا ہے اور ان کے والدین انڈین انجینئرنگ سروسیس میں تھے ۔ انہوں نے لیڈی شری رام کالج سے پولیٹیکل سائنس کی تعلیم حاصل کی تھی ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ٹینا دابی نے اپنے نام کے ساتھ خان کا استعمال ترک کردیا ہے اور اطہر نے انہیں انسٹا گرام پر فالو کرنا ترک کردیا ہے ۔