آئی اے ای اے کے سربراہ جوہری مذاکرات کیلئے ایران میں

   

تہران : بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی کا دورہ تہران ایک ایسے وقت ہو رہا ہے، جب سن 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی پر ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان بات چیت تعطل کا شکار ہے۔بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی تین مارچ جمعے کے روز تہران پہنچے، جہاں وہ ایرانی حکام سے ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے بارے بات چیت کر رہے ہیں۔ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے، جب بین الاقوامی جوہری توانائی ادارہ ایران کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق تہران سے مزید تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔تہران پہنچنے کے بعد رافیل گروسی نے ایران کی جوہری توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی سے ملاقات کی۔ تاہم دونوں میں گفتگو کیا ہوئی، اس کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔اپنے دو روزہ دورے کے دوران رافیل گروسی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور بعض دیگر حکام سے بھی بات چیت کرنے والے ہیں۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا (آئی آر این اے) نے بغیر کوئی تفصیل بتائے اپنے بیان میں بس اتنا کہا کہ ان ملاقاتوں کے ایجنڈے میں حفاظتی امور کے ساتھ ہی، ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تکنیکی اور قانونی سطح کے اختلافات بھی شامل ہیں۔