جموں: بارڈر سیکورٹی فورسز کے آئی جی نے راجوری میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور وہاں پر آفیسران کے ساتھ سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ آئی جی بی ایس ایف 14مارچ کو چار روزہ دورے پر راجوری پہنچے جس دوران انہوں نے اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ‘ آئی جی بی ایس ایف جموں رینج ڈی کے بورانے راجوری میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات آفیسران سے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ اگلی چوکیوں کے معائنہ کے دوران آئی جی بی ایس ایف کو آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف بی ایس ایف نے بعد میں آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران فوج کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ آئی جی بی ایس ایف نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ پاکستان کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر مزید چوکسی بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ آئی جی نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ حد متارکہ کی صورتحال پر روزانہ کی بنیاد پر جانکاری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد کی نقل وحرکت پرخصوصی نظر گزر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر تعینات بی ایس ایف جوان سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بی ایس ایف اور فوج کے درمیان قریبی تال میل بنائے رکھنے پر بھی زور دیا ہے ۔