آئی سی سی کا سٹہ بازوں کو قانونی انتباہ

   

دبئی ۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ورلڈ کپ کی دس ٹیموں کے ساتھ اینٹی کرپشن آفیسرتعینات کرنے کے علاوہ کرپشن روکنے کے لئے سٹے بازوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کا اعلان کیا ہے۔ آئی سی سی نے سٹے بازوں کو قانونی انتباہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ انگلینڈ سفر کرنے سے گریز کریں۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو مشتبہ افراد کی فہرست دے دی گئی ہے اگر کوئی مشتبہ شخص گرائونڈ میں نظر آیا تو اسے باہر نکال دیا جائیگا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کو کرپشن سے پاک بنانا چاہتا ہے۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ ایلکس مارشل نے کہا ہے ہمارے لوگ ہوٹلوں اورمیدانوں میں ہوں گے تمام ٹیموں کے ساتھ ہمارے اچھے روابط ہیں۔ پولیس کی مدد سے مشتبہ افراد پر نظر رکھی جائے گی۔ آئی سی سی نے پولیس کی مدد سے سٹے بازوں کو انتباہ جاری کیا ہے۔ جن مشتبہ افراد کی تفصیلات آئی سی سی کے پاس ہیں وہ پولیس کوفراہم کردی گئی ہیں۔یادرہے کہ آئی سی سی 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کو بدعنوانیوں سے پاک رکھنے کیلئے اس مرتبہ سخت اقدامات کررہی ہے جس میں ہر ٹیم کے ساتھی ایک اینٹی کرپشن عہدیدار کا تعنیات کرنا اہم قدم ہے۔جوکہ کسی ٹیم کے کھلاڑیوں کی میدان،نیٹ پراکٹس کے علاوہ میدان سے باہر ہوٹلس کے ساتھ مختلف مقامات پر ان کی حرکات و سکنات پر قریبی نظر رکھے گا۔