آئی پی ایل :ممبئی انڈینز کوہرا کر آر سی بی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

   

گجرات ٹائٹنز کا سن رائزرز حیدرآباد سے آج نریندر مودی اسٹیڈیم میں اہم مقابلہ
رائے پور، 10 مئی (یواین آئی) بھونیشور کمار (چار وکٹیں اور ناٹ آؤٹ سات رنز) اور کرنال پانڈیا 73 رنز کی شاندار کارکردگی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ آئی پی ایل 2026 کے 54ویں میچ میں آخری گیند پر ممبئی انڈینز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ آر سی بی پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہوگئی ہے جبکہ ممبئی انڈینز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ آخری اوور میں آر سی بی کو جیت کیلئے 15 رنز درکار تھے ۔ روماریو شیفرڈ 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ اس کے بعد بھونیشور کمار نے ایک شاندار چھکا لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔ آخری گیند پر دو رنز درکار تھے اور رسخ سلام نے مڈ آن کی جانب شاٹ کھیل کر دو رنز مکمل کیے اور آر سی بی کو یادگار فتح دلا دی۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب آر سی بی نے لیگ مرحلے میں ممبئی انڈینز کو دونوں میچوں میں شکست دی ہو۔ جیت کیلئے 167رنز کے ہدف کے تعاقب میں آر سی بی کی شروعات اچھی نہ رہی اور اس نے 39 رنز تک اپنے تین اہم وکٹیں گنوا دیں۔ پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر دیپک چاہر نے وراٹ کوہلی کو صفر پر بولڈ کر کے ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی۔ تیسرے اوور میں چاہر نے دیودت پڈیکل (12) کو بھی آؤٹ کر دیا۔ کپتان رجت پاٹیدار (8) کو کوربن بوش نے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد کرنال پانڈیا اور جیکب بیتھل نے چوتھی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ کوربن بوش نے 13ویں اوور میں بیتھل (26) کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑی۔ بوش نے 16ویں اوور میں جتیش شرما (18) اور ٹم ڈیوڈ (صفر) کو بھی آؤٹ کیا۔ 18ویں اوور میں ایم غضنفر نے کرنال پانڈیا کو آؤٹ کر کے آر سی بی کو مشکل میں ڈال دیا۔ کرنال نے 46 گیندوں پر چار چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ آخری اوور میں راج باوا نے روماریو شیفرڈ (6) کو آؤٹ کیا لیکن آر سی بی نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا کر دو وکٹوں سے سنسنی خیز فتح حاصل کر لی۔ دوسری طرف منگل 12 مئی کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز کا مقابلہ سن رائزرز حیدرآباد سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی سطح کے ساتھ اس مقابلے کا فاتح ا سٹینڈنگ میں سرفہرست ہو جائے گا اور ٹاپ ٹو حاصل کرنے کے اپنے امکانات کو مضبوط کر لے گا۔SRH اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے اس نے 11 میچوں میں سات جیت اور چار شکستیں درج کی ہیں۔ Titans کے پاس بھی جیت ہار کا ایک جیسا ریکارڈ ہے لیکن کمتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے تیسرے نمبر پر ہے۔