آئی پی ایل کا پورا ٹورنمنٹ ہندوستان میں ہی ہوگا

   

نئی دہلی۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں اپریل اور مئی میں عام انتخابات کے سبب قیاس کئے جارہے تھے کہ انڈین پریمیئرلیگ کے 12 ویں ایڈیشن کے کچھ حصے کوبیرون ملک منعقد کیا جا سکتا ہے لیکن بی سی سی آئی نے واضح کر دیا کہ پورا ٹورنمنٹ ہندوستان میں ہی ہوگا۔ بی سی سی آئی نے آئی پی ایل 2019 کے پہلے 17 میچوں کا پروگرام کچھ وقت پہلے جاری کیا تھا اورپھرکہا تھا کہ باقی پروگرام کو عام انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل کا آغاز 23 مارچ کو ہونا ہے اوراس کا پہلا میچ دفاعی چمپئن چینائی سوپرکنگس اوررائل چیلنجرس بنگلورکے درمیان چینائی میں کھیلا جائے گا۔بی سی سی آئی نے باقی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پورا ٹورنمنٹ ہندوستان میں ہی ہوگا اورآٹھوں فرنچائززکی ٹیمیں اپنے تمام سات گھریلومیچ اپنے متعلقہ مقامات پرکھیلیں گی۔ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں اپریل مئی میں ہونے والے انتخابات کا پروگرام جاری کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ نے الیکشن کمیشن اورہرمقام کے مقامی پولیس کوان کے تعاون کے لئے بھی شکریہ ادا کیا۔ بورڈ نے کہا کہ اس سے اس بات کا یقین ہوجائے گا کہ لیگ مرحلے ہوم اوراوے کی شکل میں برقراررہے۔ پلے آفس کے مقابلوں اور فائنل کی تفصیلات بھی جاری کردی گئیں ہیں جس کے تحت 7 اور 8 مئی کو پہلا پلے آف اور المیٹنر مقابلے حیدرآباد میں ہوںگے اور چینائی میں فائنل مقابلہ کھیلا جائیگا جوکہ 12 مئی کو منعقد ہوگا۔