آئی پی ایل 2020ء کے فائنل میں آج ممبئی کا دہلی سے مقابلہ

   

دبئی: آئی پی ایل 2020ء کے دوران 51 دنوں میں 59 مقابلے کھیلے گئے جس کے بعد خطابی مقابلہ میں کل دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس اور پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی دہلی کیپٹلس کا آمنا سامنا ہوگا اور اس طرح ڈریم الیون آئی پی ایل 2020ء کی چمپئن ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔ رواں ٹورنمنٹ میں چار مرتبہ کی چمپئن ممبئی انڈینس کا پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی دہلی کیپٹلس کے خلاف مظاہرے کافی شاندار رہے جس میں کوالیفائر 1 میں ممبئی انڈینس نے دہلی کو یکطرفہ مقابلہ میں باآسانی شکست دی۔ ممبئی کیلئے روہت شرما کی کامیاب قیادت کے علاوہ بیٹنگ میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک کی موجودگی کے علاوہ ٹورنمنٹ کی کامیاب ترین دریافت سوریا کمار یادو کی موجودگی اہمیت کی حامل ہے۔ روہت شرما نے چار مرتبہ اپنی ٹیم کو چمپئن بنوا چکے ہیں
حالانکہ رواں ٹورنمنٹ میں ان کے مظاہرے ان کے معیار کے مطابق نہیں ہے جس کے باوجود ٹیم نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور خطاب کی سمت پہنچ چکی ہے۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں جسپریت بمرا اور ٹرینڈ بولٹ کی شاندار بولنگ نے بھی اس ٹیم کو پھر ایک مرتبہ چمپئن بنانے کی دعویداری مضبوط کردی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے آل راونڈر کیرن پولارڈ بھی کسی بھی لمحہ مقابلہ کو اپنی ٹیم کے حق میں کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب دہلی کیپٹلس نے بھی نوجوان کپتان سریش ایئر کی قیادت میں شاندار مظاہرے کئے ہیں حالانکہ پلے آف کے علاوہ کوالیفائر 1 میں اس کے مظاہرے بہتر نہیں تھے لیکن اس کے باوجود ٹیم میں کئی ایک ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو مقابلے کو اپنے حق میں کرسکتے ہیں۔ دہلی کیلئے ٹاپ آرڈر میں شیکھر دھون کی شاندار کارکردگی اہمیت کی حامل ہے جنہوں نے رواں ٹورنمنٹ میں متواتر دو سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ بولنگ شعبہ میں جنوبی افریقی فاسٹ بولر ربادا کا سن رائزس حیدرآباد کے خلاف فام میں آنا بھی خوش آئند ہے۔ چار مرتبہ کی دفاعی چمپئن اور پہلی مرتبہ چمپئن بننے کیلئے پرعزم دہلی کے درمیان کل دلچسپ مقابلہ متوقع ہے۔