صارفین سے ملاقات و مسائل کی یکسوئی، 21 الیکٹریسٹی سرکلس میں مہم کیلئے منصوبہ بندی
حیدرآباد۔5 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے برقی سے متعلق مسائل کی یکسوئی کے لئے برقی عہدیداروں کے صارفین کے مکانات پہنچنے کی منفرد مہم شروع کی ہے ۔ پرجا باٹا ۔ بستی باٹا پروگرام کے تحت برقی کے عہدیدار صارفین تک پہنچ کر ان کے مسائل کی سماعت اور یکسوئی کریں گے ۔ اس پروگرام کا کل 6 اگست کو تمام 21 آپریشن سرکلوں میں آغاز ہوگا۔ کمپنی نے ہر جمعرات کو اس پروگرام کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت محکمہ برقی کے عہدیدار گھر گھر پہنچ کر صارفین سے ان کے مسائل دریافت کریں گے۔ حکمرانی کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے سے متعلق حکومت کے نظریہ پر عمل آوری کرتے ہوئے سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے صارفین سے بہتر روابط کی مہم طئے کی ہے۔ کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر جتیش وی پاٹل آئی اے ایس نے کہا کہ پرجا باٹا پروگرام کے ذریعہ صارفین کے ساتھ روابط مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کے تمام سرکلوں میں ہر منگل اور چہارشنبہ کو یہ پروگرام منعقد ہوگا۔ اس پروگرام کا مقصد عوام کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانا ہے۔ عہدیدار ، انجنیئرس اور فیلڈ اسٹاف مختلف کالونیوں ، مواضعات ، شہری علاقوں اور قبائلی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے برقی صارفین سے ملاقات کریں گے۔ اس پروگرام کے تحت برقی سربراہی اور دیگر امور کے بارے میں عوامی رائے جاننے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی فوری یکسوئی کی جائے گی اور الیکٹریکل سیفٹی کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ کمپنی نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے مسائل کا حل تلاش کریں۔1/k