ایئر انڈیا کا طیارہ ہوا میں اچانک 300 فٹ نیچے آگیا ، 17 افراد زخمی

   

نئی دہلی، 04 اگست (یو این آئی) ایئر انڈیا کا ایک طیارہ منگل کے روز ایئر ٹربولینس کے باعث ہوا میں اچانک 300 فٹ نیچے آ گیا۔ اس حادثہ میں 13 مسافر اور عملے کے چار ارکان زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 12 اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ایئر انڈیا نے ایک بیان میں بتایا کہ تھائی لینڈ کے پھوکیٹ سے دہلی آ رہی پرواز اے آئی 2379 ہوا میں اچانک نیچے آ گئی۔ اس حادثے کے بعد طیارے نے معمول کے مطابق اپنی پرواز جاری رکھی اور دن میں 11:07 بجے دہلی میں محفوظ لینڈنگ کی ۔ ذرائع کے مطابق، حادثہ لینڈنگ سے کچھ وقت پہلے پیش آیا۔ اس وقت طیارہ لینڈنگ کیلئے آہستہ آہستہ نیچے اترنے کے مرحلے میں تھا۔یہ ایئر بس کا اے 320 نیو طیارہ تھا۔ طیارے میں 137 مسافر اور عملے کے آٹھ ارکان سوار تھے ۔ ان میں سے 13 مسافر اور عملے کے چار ارکان زخمی ہوئے ، جنہیں جانچ کیلئے ہسپتال لے جایا گیا۔ شام 6:50 بجے تک پانچ مسافروں کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی تھی۔ دیگر زخمیوں کا مختلف دواخانوں میں علاج جاری ہے ۔ ڈی جی سی اے معاملے کی جانچ کر رہا ہے ۔ ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ وہ تفتیش میں تعاون کر رہی ہے ۔