آئی پی ایل 2023 :تین گھنٹے کا فائنل تین دن میں ختم ہوا

   

احمد آباد ۔ آئی پی ایل 2023 کے فائنل میچ میں ایک نیا ریکارڈ بنا ہے۔ کرکٹ شائقین تین گھنٹے کے میچ کے نتیجے کا تین دن انتظارکرتے رہے۔آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی بارکوئی فائنل میچ ٹسٹ میچ سے مشابہت کرگیا۔ یہ شائقین کے لیے دن اور رات کا امتحان ثابت ہوا۔ اتوار28 مئی کو شام 7:30 بجے شروع ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے تاخیر ہوگئی۔ نریندر مودی اسٹیڈیم تالاب میں تبدیل ہوگیا۔ جس کی وجہ سے ایک اوور بھی نہیں کرایا گیا۔ جس کے باعث امپائرز نے میچ کو محفوظ دن پیر تک ملتوی کر دیا۔ چونکہ 28 مئی کو ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا، شائقین کے درمیان ایک ہی بات چل رہی تھی کہ کیا یہ دوسرے بھی دن منعقد ہوگا یا نہیں۔ کیا بارش پھر رکے گی فائنل میں کون جیتے گا؟ اگر دوبارہ بارش ہوئی تو فاتح کون ہوگا؟۔ ان سب باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے میچ 29 مئی کی شام 7:30 بجے شروع ہوا۔ چینائی سوپر کنگز نے ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ گجرات کی اننگز آسانی سے چلی۔ اگرچہ وقتاً فوقتاً ہلکی بارش ہوتی رہی لیکن اس سے میچ کو روکنے کے لیے کافی بارش نہیں ہوئی۔ اس کے ساتھ گجرات ٹائٹنز نے مکمل طور پر20 اوورکھیلے۔ گجرات ٹائٹنز نے مقررہ 20 اوورز میں سائی سدرشن، ساہا اورگل کی شاندار کارکردگی سے 4 وکٹوں پر 214 رنز بنائے۔گجرات ٹائٹنز کی اننگز ختم ہونے کے بعد نریندر مودی اسٹیڈیم میں بارش شروع ہوگئی۔ آئی پی ایل کے فائنل میں شدید بارش ہوئی۔ ایک بار پھر میچ 9:30 بجے پر روک دیا گیا۔ رات 12 بجے کے قریب بارش رکی اس طرح منگل کو آئی پی ایل کا فائنل میچ تیسرے دن میں داخل ہوا۔ پھر بارش کچھ کم ہوئی۔ اس کے ساتھ گراؤنڈ اسٹاف نے کھیل کے لیے میدان تیارکیا۔ میچ رات ٹھیک 12:10 پر دوبارہ شروع ہوا۔ تاہم بارش کے باعث کھیل کو 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔چینائی سوپر کنگز نے نظر ثانی شدہ نشانہ 5 وکٹ پر171 رنز بناتے ہوئے مقررہ ہدف کو پا کرلیا اور پانچویں بار آئی پی ایل کا خطاب اپنے نام کیا۔آخری اوور میں چینائی سوپر کنگز کو جیتنے کے لیے 13 رنز درکار تھے۔ اس مرحلے پر آخری اوورکرنے والے موہت شرما نے پہلی گیند پر کوئی رن نہیں دیا۔ اس کے بعد انہوں نے تین گیندوں پر تین رنز دیے۔ جس سے میچ میں مزید دلچسپی آگئی کیوں کہ 2 گیندوں میں 10 رنز بنانے تھے آل راؤنڈر جڈیجہ کریز پر تھے انہوں نے پانچویں گیند پر چھکا لگایا۔جس کے بعد گجرات ٹائٹنز میں پریشانی بڑھ گئی۔ آخری گیند پر انہوں نے گیند کو باؤنڈری پار کردیا۔ جس کے نتیجے میں چینائی سوپر کنگز فاتح بنی ۔