زیادہ آبادی والی ریاستوں میں تلنگانہ کا 12 واں مقام
حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کی آبادی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آبادی کے تناسب کے لحاظ سے حیدرآباد نے دہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 2011 ء کی مردم شماری کے مطابق دہلی میٹرو پولیٹن سٹی میں فی مربع کیلو میٹر میں 11,313 افراد رہتے ہیں جبکہ حیدرآباد میں فی مربع کیلومیٹر میں 18,161 افراد رہتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حیدرآباد میں ہر مربع کیلومیٹر میں 18 ہزار سے زائد افراد بستے ہیں۔ یہ صرف نمبر ہی نہیں ہے بلکہ یہ وہ اعداد و شمار ہیں جن کا تذکرہ Telangana State Statistical Compendium-2024 میں کیا گیا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ گنجان آبادی والا شہر فلیپائن کا دارالحکومت منیلا ہے جہاں فی مربع کیلومیٹر میں 43,079 لوگ رہتے ہیں۔ ہمارے ملک میں سب سے زیادہ آبادی والا شہر ممبئی ہے۔ جہاں فی مربع کیلومیٹر میں 28,508 افراد رہتے ہیں۔ ایک طرف جہاں حیدرآباد کی آبادی میں اضافہ ہورہا ہے وہیں بہار اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں کا تقابل کیا جائے تو تلنگانہ کی آبادی کم ہے۔ 2011ء کی مردم شماری کے مطابق تلنگانہ کی آبادی تقریباً 3.5 کروڑ ہے۔ ریاست کا رقبہ 1,12,077 مربع کیلومیٹر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فی مربع کیلومیٹر 312 لوگ رہتے ہیں۔ اس شرح کے مقابلے میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ حیدرآباد کی آبادی (18,161) سے زیادہ ہے۔ سماجی ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ سنٹرلائزڈ اربنائزیشن کی سب سے بڑی مثال ہے۔ لوگ روزگار کے موقع کی تلاش میں ہیں۔ بڑی تعداد میں دیہاتوں اور قصبوں سے شہر حیدرآباد کی جانب ہجرت کررہے ہیں جس سے شہر کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے لحاظ سے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی، عوامی خدمات، ہاؤزنگ سیکٹر جیسے عوامل شہری منصوبہ بندی پر شدید اثر انداز ہورہے ہیں۔ اسی دوران رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ ملک کی آبادی میں تلنگانہ کا حصہ 2011ء کے مقابل 2031ء تک 0.23 فیصد کم ہوجائے گا۔ 2011ء کی مردم شماری کے مطابق ہندوستان کی آبادی میں تلنگانہ کا حصہ 2.89% تھا۔ تلنگانہ ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاستوں کی فہرست میں 12 ویں مقام پر ہے جہاں ضلع حیدرآباد کی آبادی 39.43 لاکھ کے ساتھ ریاست میں سرفہرست ہے۔ وہیں ضلع ملگ کی آبادی 2.94 لاکھ کے ساتھ آخری مقام پر ہے۔ 2