آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے ‘ قطعی معاہدہ تک کنٹرول برقرار رہے گا:ٹرمپ کا دعویٰ

,

   

سمندر میں چھپا ہمارا بحری بیڑا امریکی جہازوں کے انتظار میں ہے :ایران کے چیف جسٹس کا رد عمل

واشنگٹن / تہران 23 اپریل (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول ہے اور یہ اُس وقت تک برقرار رہے گا جب تک کہ ایران کوئی معاہدہ کرنے پر آمادہ نہیں ہو جاتا۔ امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ ایران مشکل دور سے گزر رہا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ ان کا لیڈر کون ہے ۔ ایرانی انتہا پسند جنگ کے میدان میں شکست کھا چکے ہیں اور آپس میں جھگڑ رہے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران میں اعتدال پسند کسی طور اعتدال پسند نہیں، ایران میں اعتدال پسندوں کی عزت بڑھ رہی ہے اور یہ پاگل پن ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے ، امریکی بحریہ کی اجازت کے بغیر اس آبی گزرگاہ سے کوئی جہاز نہ آ سکتا ہے اور نہ جا سکتا ہے ، یہ مکمل بند ہے جب تک ایران معاہدہ کے قابل نہ ہو جائے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو اپنی تحویل میں لیا تھا اور بعد میں کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے تین بحری جہازوں پر حملہ کیا تھا جن میں سے دو کو قبضے میں لے کر ایرانی ساحل کی جانب منتقل کر دیا تھا۔ اس نے کارروائی کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں مسلح نقاب پوش اہلکار ہیلی کاپٹر سے کارگو جہاز کے ڈیک پر اترتے اور کنٹرول حاصل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایران کے دعووں کے مطابق قبضے میں لیے گئے جہازوں میں سے ایک کی شناخت ایم ایس سی فرانسسکا کے نام سے ہوئی جس پر پاناما کا پرچم لہرایا گیا تھا۔ پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ مذکورہ جہاز اسرائیل کی ملکیت ہے جو آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کی جانب جا رہا تھا۔اس دوران ایرانی چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے امریکہ کو متنبہ کیا کہ پاسداران انقلاب کی تیاریاں مکمل ہیں۔ غلام حسین محسنی نے امریکی دھمکیوں پر کہا کہ ایران کی کشتیاں اور جدید زیرآب ڈرونز امریکی جہازوں کی تباہی کیلئے تیار ہیں، سمندری غاروں میں چھپا ہمارا بحری بیڑا امریکی جہازوں کے انتظار میں ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ امریکی جہازوںنے حدپار کی تو انہیں عبرت کا نشان بنا دیں گے امریکہ اب آبنائے ہرمز کے قریب آنے کی ہمت نہیں رکھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنے جہازوں کا انجام دیکھ چکا ہے ایران کے قبضے میں لیے گئے بحری جہازوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے ۔ واضح رہے کہ امریکی فوج نے ایرانی تیل سے منسلک ٹینکر قبضے میں لے لیا۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ٹینکر میجیسٹک ایکس ہندوستانی سمندر میں تحویل میں لیا گیا ہے اور یہ جہاز ایران کیلئے تیل اسمگلنگ میں ملوث تھا۔ امریکی فوج نے جہاز تحویل میں لینے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے جس میں امریکی اہلکاروں کو جہاز کے ڈیک پر کارروائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔