آبپاشی پراجکٹس سے متعلق مرکز کے نوٹیفکیشن پر سپریم کورٹ میں سماعت

   

مرکز اور آندھراپردیش کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی نوٹس
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) دریائے کرشنا کے تحت پراجکٹس کو کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کے تفویض کرنے سے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر سپریم کورٹ نے آج سماعت کی۔ مرکزی حکومت نے 2021 ء میں نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے آبپاشی پراجکٹس کو کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز کے نوٹیفکیشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ دوسری طرف آندھراپردیش حکومت نے تلنگانہ پر برقی کی تیاری کے ذریعہ ناانصافی کی شکایت کرتے ہوئے ایک علیحدہ درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔ آندھراپردیش حکومت نے برقی کی تیاری سے متعلق احکامات کو منسوخ کرنے کی مانگ کی۔ دونوں تلگو ریاستوں کی درخواستوں پر آج سماعت ہوئی۔ تلنگانہ کے وکلاء نے نوٹیفکیشن پر حکم التواء جاری کرنے کی درخواست کی جس پر جوابی حلفنامہ داخل کرنے کے لئے مرکز اور آندھراپردیش حکومت کو دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے نوٹس جاری کی گئی۔ جسٹس ابھئے اوکا اور جسٹس اجل بھویاں پر مشتمل بنچ نے اندرون ایک ہفتہ جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 1