آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کو منہدم کرنے کی تیاریاں مکمل

   

حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) سکندرآباد آتشزدگی واقعہ میں متاثرہ عمارت کو منہدم کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور عمارت کے انہدام کی ذمہ داری کیلئے ایجنسی کا تقرر بھی کرلیا گیا ہے۔ جس کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ٹنڈر طلب کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ عمارت سے متصل اور قریب والی عمارتوں کو بغیر نقصان کے اس متاثرہ عمارت کو منہدم کیا جائے گا جس کیلئے ضروری حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کو انجام دیا جارہا ہے۔ امکان ہے کہ 27 جنوری کو اس عمارت کو منہدم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس متاثرہ عمارت کو ہائیڈرولک کریشر مشین کی مدد سے منہدم کیا جائے گا تاکہ عمارت کے انہدام کا دوسری عمارتوں پر کوئی اثر نہ پڑے اور عمارت اپنے مقام پر ہی منہدم ہوجائے۔ اس عمارت کی انہدامی کارروائی کے سبب پڑوسی عمارتوں کے مالکین نے خوف کا اظہار کیا ہے اور وہ اپنی عمارتوں اور مکانات کی سلامتی پر فکرمند ہیں لیکن بلدی حکام اور ماہرین نے انہیں اطمینان دلایا ہے کہ اس عمارت کے انہدام سے انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، اگر اس عمارت کو منہدم نہیں کیا جاتا ہے تو پھر وہ خود بخود ڈھیر ہوسکتی ہے جس کے نتائج دوسری عمارتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ نلہ گٹہ علاقہ کی آتشزدگی کا شکار اس عمارت کے انہدام کیلئے ٹنڈر طلب کئے گئے تھے جس میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی مالو ایجنسی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ بلدیہ نے تقریباً 33.86 لاکھ روپئے کی لاگت سے ٹنڈر اعلامیہ کو جاری کیا تھا تاہم اس ٹنڈر کو ایس کے مالو ایجنسی نے 22 لاکھ روپئے میں حاصل کرلیا ہے۔ع