تلنگانہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ جاری کرنے حکومت کا اہم فیصلہ

   

SIR مہم میں عوام کو سہولت، آن لائن درخواستوں کا ادخال، راشن کارڈ کی بنیاد پر اندرون 2 یوم سرٹیفکٹ جاری ہوگا

حیدرآباد 28 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی SIR مہم میں نام کی برقراری کے لئے درکار سرٹیفکٹس کے لئے پریشان خاندانوں کو اُس وقت راحت ملی جب تلنگانہ حکومت نے ہر خاندان کو تلنگانہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کے ذریعہ SIR مہم کی شرائط کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ سکریٹری ریونیو ڈپارٹمنٹ ڈی ایس لوکیش کمار نے جی او نمبر 172 جاری کیا جس کے تحت حکومت نے مختلف سرکاری اُمور کی انجام دہی میں شہریوں کو مستند ریکارڈ پیش کرنے کے دوران پیش آرہی مشکلات کے خاتمہ کے لئے درخواستوں کی جانچ میں یکسانیت لانے اور سرکاری ریکارڈ تک رسائی کو آسان بنانے کے لئے فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے عوام کی سہولت کے لئے مستقبل رہائشی سرٹیفکٹ کی اجرائی کا فیصلہ کیا جس کے بعد تلنگانہ میں بھی حکومت پر دباؤ پڑنے لگا۔ تلنگانہ حکومت نے عہدیداروں اور ماہرین سے مشاورت کے بعد تلنگانہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کی اجرائی کا فیصلہ کیا جو می سیوا سنٹرس سے حاصل کیا جاسکے گا۔ سرٹیفکٹ میں ہر خاندان کے تمام ارکان کی تفصیلات شامل رہیں گی اور راشن کارڈ کے نمبر پر یہ سرٹیفکٹ جاری کیا جائے گا جس میں راشن کارڈ پر موجود ہیڈ آف دی فیملی اور دیگر ارکان کی تفصیلات شامل رہیں گی۔ ہیڈ آف دی فیملی اور دیگر افراد سے اُن کا رشتہ، عمر، تاریخ پیدائش اور جنس کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ آدھار نمبر اور خاندان کا موجودہ اڈریس بھی سرٹیفکٹ میں شامل رہے گا۔ فوڈ سکیورٹی کارڈ کی بنیاد پر فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ سرٹیفکٹ جائیداد یا دیگر حقوق کے لئے درخواست گذار کے موقف کو ثابت کرنے کے لئے کارگر نہیں رہے گا۔ سرکاری اسکیمات کے لئے بھی سرٹیفکٹ کی کوئی خاص افادیت نہیں ہوگی۔ محکمہ ریونیو کے می سیوا پلیٹ فارم کے ذریعہ تلنگانہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کی اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ ہر شہری می سیوا سنٹر سے رجوع ہوتے ہوئے مقررہ فیس کی ادائیگی کے ذریعہ درخواست داخل کرسکتا ہے۔ حکومت نے عہدیداروں کی جانب سے درخواستوں کی جانچ اور سرٹیفکٹ کی اجرائی کے لئے محض 2 دن کی مہلت مقرر کی ہے۔ اندرون 2 یوم فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کی اجرائی کی صورت میں ایسے خاندان 3 اگست سے قبل SIR مہم کے اینومریشن فارمس داخل کرسکتے ہیں۔ مقامی تحصیلدار کی جانب سے درخواستوں کی آن لائن منظوری دی جائے گی۔ حکومت نے جی او کے ساتھ فارم کا نمونہ بھی جاری کیا ہے جسے می سیوا ویب سائٹ کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے کمشنر الیکٹرانک سرویس ڈیلیوری کو ذمہ داری ہے کہ وہ می سیوا پلیٹ فارم کے ذریعہ تلنگانہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کی شہریوں کو مقررہ مدت میں اجرائی کو یقینی بنائیں۔ کمشنر سیول سپلائز کو ہدایت دی گئی کہ وہ راشن کارڈ کی تمام تفصیلات الیکٹرانک سرویس ڈیلیوری کو فراہم کریں تاکہ سرٹیفکٹ کی اجرائی میں سہولت ہو۔ ضلع کلکٹرس کو اِس کام کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی۔ امید کی جارہی ہے کہ فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کی پیشکشی کی صورت میں SIR مہم میں نام کی موجودگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ سرٹیفکٹ کے حصول کے لئے حیدرآباد اور اضلاع میں می سیوا مراکز پر عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ اِسی دوران الیکشن کمیشن نے فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کو SIR مہم کے تحت قبول کرنے کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ جی او ایم ایس 172 میں فیملی رجسٹر سرٹیفکٹ کے حصول کے لئے درکار شرائط کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔ جی او کے مطابق خاندان کا کوئی بھی فرد جس کا نام راشن کارڈ میں موجود ہے، وہ سرٹیفکٹ کے لئے درخواست دے سکتا ہے۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد اندرون 2 ایام کار سرٹیفکٹ جاری کئے جائیں گے۔ آن لائن داخل کی جانے والی درخواستیں ازخود متعلقہ تحصیلدار کو لاگ اِن کردی جائیں گی۔V/k/i/1