آتشزدگی کی وجہ ہوم اپلائینسیس خاکستر

   

حیدرآباد ۔ /17 مارچ (سیاست نیوز) منگل ہاٹ کے علاقے گھوڑے کی قبر کے قریب پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں ہوم اپلائینسیس کا گودام جلکر خاکستر ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق آج دوپہر 2.30 بجے پرگتی ہوم اپلائینسیس جو پانچویں منزلہ عمارت کے فرسٹ فلور پر واقع ہے میں اچانک آگ لگ گئی ۔ وہاں کے واچ مین نے گودام کے مالک کمار جین کو اطلاع دی جس کے بعد فوری فائر کنٹرول کو آگاہ کیا گیا ۔ گولی گوڑہ فائر اسٹیشن اور سکریٹریٹ سے وابستہ تین فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا اور اندرون دو گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سرینواس ریڈی نے کہا کہ آگ لگنے کی اطلاع کے اندرون دس منٹ فائر انجنس جائے حادثہ پر پہونچ گئے اور آگ پر قابو پالیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا چونکہ متاثرہ عمارت میں موجود افراد کو فوری طور پر وہاں سے ہٹادیا گیا ۔ پولیس منگل ہاٹ نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور شبہ کیا جارہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ آگ لگنے کے اس واقعہ میں تقریباً 25 لاکھ مالیتی ہوم اپلائینسیس جلکر خاکستر ہوگئے ۔