اسمبلی تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری
نئی دہلی :دہلی اسمبلی انتخابات۔2025 میں عام آدمی پارٹی کی کراری شکست کے بعد چیف منسٹرٰ آتشی مارلینا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ اتوار کی صبح 11 بجے راج نواس پہنچیں اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کرکے انہیں اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ آتشی کے استعفیٰ دینے کے بعد ایل جی نے دہلی اسمبلی کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں اروند کجریوال کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد آتشی دہلی کی چیف منسٹربنی تھیں۔ انہوں نے 21 ستمبر کو اپنے عہد کا حلف لینے کے بعد تقریباً 4 مہینہ تک دہلی کی کمان سنبھالی۔ آتشی کو دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ان سے پہلے یہ کارنامہ بی جے پی کی آنجہانی رہنما سشما سوراج اور 15 سال تک دہلی پر حکومت کرنے والی کانگریس کی آنجہانی رہنما شیلا دیکشت انجام دے چکی ہیں۔ دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا کل اعلان کیا گیا جس میں بی جے پی نے 48 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ عام آدمی پارٹی (عآپ) صرف 22 سیٹوں پر ہی سمٹ کر رہ گئی ہے۔ عآپ کی کارکردگی اتنی خراب رہی کہ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا سمیت کئی بڑے قائدین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حالانکہ آتشی اپنی سیٹ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ وہیں 4 مسلم امیدواروں امانت اللہ خان، عمران حسین، زبیر احمد اور محمد اقبال نے بھی کامیابی کا پرچم لہرایا۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے عام آدم پارٹی نے گزشتہ انتخاب میں 70 میں سے 62 سیٹیں جیتیں تھیں جبکہ اس سے پہلے 70 میں سے 67 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرکے سبھی کو حیران کر دیا تھا۔ لیکن اس بار بی جے پی نے عآپ کو شکست دیتے ہوئے 48 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی اور 27 سال بعد دہلی کے اقتدار پر واپسی کرلی ہے۔