آج آخری مقام سے بچنے کے لیے ممبئی اور لکھنؤکا مقابلہ

   

ممبئی، 3مئی (یواین آئی) آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نچلے مقام پر موجود ممبئی انڈینز اور لکھنؤ سوپر جائنٹس پیرکی رات وانکھیڑے اسٹیڈیم میں آخری مقام سے بچنے کے ارادے کے ساتھ ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے چار۔ چار پوائنٹس ہیں، جہاں ممبئی نویں اور لکھنؤ دسویں نمبر پر ہے ۔ سات دن کے وقفے کے بعد واپس آنے والی لکھنؤ سوپر جائنٹس کو امید ہے کہ یہ آرام انہیں کولکاتا نائٹ رائیڈرزکے خلاف ملی دل توڑ دینے والی شکست سے نکلنے میں مدد دے گا، جو میچ سوپر اوور میں ان کے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔ محسن خان کی شاندار بولنگ(5/23) نے اس میچ کو یادگار بنایا، جبکہ آخری گیند پر محمدسمیع کے چھکے نے میچ برابر کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ جیسا کہ سابق ہندوستانی کپتان سنیل گاوسکر اکثر آئی پی ایل کے دباؤ والے مقابلوں میں کہتے ہیں کہ ٹی20کرکٹ میں خود پر ترس کھانے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی اور لکھنؤ بھی یہ بات اچھی طرح سمجھتی ہے کہ اب اسے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ رشبھ پنت کی قیادت والی ٹیم آٹھ میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے ، لیکن ٹیم کا ماحول اب بھی مثبت ہے ۔ ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ ابھی چھ میچ باقی ہیں، جو قسمت بدلنے کے لیے کافی ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جب آسٹریلوی وکٹ کیپر جوش انگلس اب دستیاب ہیں۔ دوسری جانب ممبئی انڈینزکو زیادہ مشکل صورتحال کا سامنا ہے ۔ پوائنٹس ٹیبل میں نویں مقام پر موجود اورگزشتہ میچ میں چنئی سوپرکنگز سے شکست کھانے والی ممبئی کے پاس اب زیادہ وقت نہیں بچا۔ پلے آف کی دوڑ میں رہنے کے لیے انہیں اب تقریباً ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔
مشیر خان 11لاکھ روپے میں خریدے گئے
ممبئی، 3 مئی (یو این آئی) ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے ) نے ہفتہ کے روز ٹی20 ممبئی لیگ کے چوتھے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا۔ خواتین کی پہلی لیگ کی کامیاب نیلامی کے بعد، مردوں کی فرنچائزز کے درمیان بھی بولی کی میز پر کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں بین الاقوامی ستاروں اور ابھرتے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو اپنی ٹیموں میں شامل کرنے کے لیے کروڑوں کی بولیاں لگیں۔ سیزن 4کی نیلامی میں آل راؤنڈر آکاش پارکر سب سے مہنگے کھلاڑیوں میں سے ایک ثابت ہوئے ، جنہیں سوبو ممبئی فالکنزنے12 لاکھ روپے میں خریدا۔ دیگر اہم بولیوں میں پرساد پوار (وکٹ کیپر) 11.50 لاکھ روپے (آرکس اندھیری)۔ مشیر خان (آل راؤنڈر) 11لاکھ روپے (آرکس اندھیری) ارجن تنڈولکر: 10 لاکھ روپے (آرکس اندھیری) شامل ہیں۔مقامی کھلاڑیوں نے توجہ حاصل کی ۔