بیالٹ پیپر یا الیکٹرانک مشین کے استعمال پر مشاورت : کمشنر بلدیہ
حیدرآباد۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میں تیاریاں تیز ہوچکی ہیں اور یکم اکٹوبر کو الیکشن کمشنر کی ہدایت کے مطابق کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر لوکیش کمار نے اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اجلاس میں اعلی عہدیدارو ںکے علاوہ کل جماعتی اجلاس منعقد ہوگا جو اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات الکٹرانک ووٹنگ مشین پر منعقد کئے جائیں یا ان انتخابات میں بیالٹ پیپر کا استعمال کیا جائے ۔ جی ایچ ایم سی ذرائع کے مطابق بلدیہ اجلاس میں کل جماعتی قائدین شرکت کرتے ہوئے اپنے موقف کو واضح کریں گے علاوہ ازیں کمشنر جی ایچ ایم سی اعلی عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کورونا وائرس کے اس دور میں کس طرح سے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے ۔ بلدیہ کے انتخابات کے سلسلہ میں تیاریوں کے متعلق بلدی عہدیداروں نے ریاستی الیکشن کمیشن کو اس بات سے واقف کروادیا ہے کہ وہ انتخابات کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں اور کسی بھی وقت انتخابات کے انعقاد کی صورت میں ان کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے۔ شہر حیدرآباد میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں بھی یکم اکٹوبر کو منعقد ہونے والے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ اجلاس کے دوران انتخابی عملہ کی تربیت اور ان کے امور کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کے علاوہ موجودہ 150 بلدی ڈویژن کے فہرست رائے دہندگان میں موجود نقائص کو دور کرنے کے سلسلہ میں مشاورت کی جائے گی۔ علاوہ ازیں موجودہ وارڈس کی صورتحال کے علاوہ جاریہ ترقیاتی کامو ںکی تکمیل کے وقت کے تعین اور نئے کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں بھی رائے حاصل کی جائے گی۔ ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کو انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے جس کے فوری بعد کمشنر جی ایچ ایم سی نے کل جماعتی اور اعلی عہدیداروں کے علاوہ انتخابی عملہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والوں کے ہمراہ جائزہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ یکم اکٹوبر کو منعقد ہونے والے اس اجلاس میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اس بات کا قطعی فیصلہ کرلیا جائے گا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات بیالٹ پیپر یا الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا جائے ۔