آج ہائی ٹیکس میں مس ورلڈ 2025ء کا گرانڈ فینالے

   

کس ملک کی حسینہ کے سر سجے گاتاج ،عوام میں تجسس ، شام 6:30 بجے مقابلے کا آغاز
حیدرآباد30 مئی (سیاست نیوز) جیسے جیسے مس ورلڈ 2025 کا مقابلہ اختتام کو پہنچ رہا ہے، عوام میں یہ تجسس بھی بڑھتا جارہا ہے کہ اس سال کا مس ورلڈ کا تاج کس ملک کی حسینہ کے سَر پر سجے گا۔ گرینڈ فینالے ہفتہ 31 مئی کی شام 6:30 بجے حیدرآباد کے ہائی ٹیکس میں شروع ہوگا جس کیلئے منتظمین نے ٹرائیڈنٹ ہوٹل اور ہائی ٹیکس میں حسیناؤں کے ساتھ ریہرسل کی۔ اس سے قبل منعقدہ ملٹی میڈیا چیلنج میں مس ورلڈ آرگنائزیشن نے جملہ 4 ونرس کا اعلان کیا۔ ہر براعظم سے ایک حسینہ امریکہ ۔ کیریبین سے مس ڈومینیکن ری پبلک مائرا ڈیلگا ڈوبی، افریقہ سے مس کیمرون ، یورپ کی مس مونٹی نیگرو اینڈریا نکولک اور ایشیا اوشیانا سے مس تھائی لینڈ سوچاٹا فاتح رہیں۔ ان چاروں نے مس ورلڈ کوارٹر فائنل (ٹاپ۔40) کی فہرست میں جگہ بنالی ۔ اس کے ساتھ اب تک 16 حسیناؤں کو فاسٹ ٹریک میں رکھا گیا جبکہ باقی حسیناؤں کا انتخاب ججس کرینگے۔ ہائی ٹیکس میں گرینڈ فینالے میں 108 ممالک کی خوبصورت حسینائیں شرکت کریں گی۔ سب سے پہلے وہ براعظموں کے مطابق ریمپ پر ’کیاٹ واک‘ کریں گی۔ ابھی تک شارٹ لسٹ 16 حسیناؤں کو پہلے بلایا جائے گا۔ اس کے بعد 24 حسینائیں آئیں گی، مابقی اپنے مقام پر لوٹ جائیں گی جس کے بعد فائنلس کا آغاز ہوگا۔ ٹاپ ۔40 میں 20 حسیناؤں کو اگلے راؤنڈ کیلئے منتخب کیا جائیگا اور پھر ان میں سے 8 حسیناؤں کو منتخب کیا جائیگا۔ ہر براعظم سے 2 حسینائیں شامل رہیں گی۔ ان حسیناؤں سے آج کی خواتین کے مسائل و دیگر موضوعات پر سوالات کئے جائیں گے۔ ججس فیصلہ کرینگے کہ کس کا جواب زیادہ بہتر اور درست تھا۔ اس طرح 8 میں 4 کا انتخاب کیا جائیگا۔ آخر میں 4 حسیناؤں سے آخری سوال کے طور پر یہ پوچھا جائے گا کہ ’اگر آپ مس ورلڈ منتخب ہوتی ہیں تو کیا کریں گی؟‘ ۔ ان کے جواب کی بنیاد پر مس ورلڈ 2025ء ٹائٹل کا فیصلہ ہوگا۔ پھر مس ورلڈ 2024ء کرسٹینا پیزکووا کو مس ورلڈ 2025 کا خطاب جیتنے والی حسینہ کے سَر پر تاج پہنائیں گی جس کے ساتھ ہی جاریہ سال کی مس ورلڈ تقریب اختتام کو پہنچے گی۔ 2