آخری سانس تک بی آر ایس پارٹی کے ساتھ رہوں گا : ہریش راؤ

   

ریونت ریڈی چار پارٹیاں تبدیل کی ، اقتدار کے لیے بھگوانوں کی جھوٹی قسم کھا کر عوام کو دھوکہ دیا
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے ریتو ڈسکام قائم کرنے کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’ تغلق کا فیصلہ ‘ قرار دیا ۔ آخری سانس تک بی آر ایس سے جڑے رہنے کا اعلان کیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی یہ سب کچھ برقی شعبہ کو خانگیانے کی سازش کے تحت کررہے ہیں ۔ اگر برقی کا نیا نظام متعارف کرایا گیا تو ریاست کے کسانوں کیلئے موت کا پھندہ ثابت ہوگا اور پینے کے پانی کے منصوبوں کے لیے برقی کی قلت پیدا ہوجانے کے شبہات کا اظہار کیا ۔ بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر نے چیف منسٹر کو چیلنج کیا کہ وہ قسم کھا کر وعدہ کریں کہ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی فراہم کریں گے اگر ناکام ہوئے تو آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ۔ ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ریاست میں کسانوں کو 13 گھنٹے سے زیادہ برقی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو غیر معتبر شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنا اور عوام کو دھوکہ دینے کے ساتھ گمراہ کرنا ان کی عادت بن چکی ہے ۔ ہریش راؤ نے بی آر ایس پارٹی سے اپنی وفاداری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میری سیاسی پیدائش بی آر ایس میں ہوئی اور موت بھی اسی پارٹی میں ہوگی ۔ یہ بات میں پہلے بھی 100 بار کہہ چکا ہوں اور آج بھی دہراتا ہوں کہ میری پوری زندگی کے سی آر کے ساتھ ہے اور میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہوں گا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی نے سیاسی فائدے کے لیے چار پارٹیاں تبدیل کی ہیں اور اقتدار حاصل کرنے کے لیے بھگوانوں کی جھوٹی قسم کھاتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔۔ 2/m/b