آخری مائیگرینٹ اپنے گھر پہنچنے تک مدد کرتا رہوں گا، خدا کاشکر ہے کہ اس نے مجھے مزدوروں کی خدمت کا موقع دیا: اداکار سونو سود

,

   

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سونو سود جنہوں نے زیادہ تر فلموں میں ویلن کا رول ادا کیا ہے لیکن وہ اصل زندگی میں ایک بہترین ہیرو کا رول اداکررہے ہیں۔ سونو سود لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشان حال ممبئی میں مقیم بیرون ریاست کے مزدوروں کو ان کے گاؤں پہنچارہے ہیں۔ وہ اپنے ذاتی صرفہ سے بڑی بسیں کرائے پر حاصل کرتے ہوئے ان پریشان حال مزدوروں کو ان کے وطن، گاؤں بھیج رہے ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اداکار سونو سود نے بتایا کہ مجھے بیحد تکلیف ہوئی جب میں نے مزدوروں کو سینکڑوں میل پیدل اپنے گاؤں جاتے ہوئے دیکھا۔ ان میں چھوٹے بچے بھی تھے جو سینکڑوں میل پیدل چل رہے تھے۔ مجھے اس طرح کے ویڈیو دیکھ کر دلی تکلیف ہوئی۔

تب میں نے فیصلہ کرلیا میں ان کی چھوٹی سے مدد کروں گا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ دن رات محنت مزدوری کرتے ہیں، ہمارے گھروں کی تعمیر کرتے ہیں، دفاتر، سڑکیں بناتے ہیں اور دیگر کئی کام کرتے ہیں۔ میں نے فیصلہ کرلیا کہ میں ان کی مدد کروں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں دعاؤں پر مشتمل سینکڑوں پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ میں ہمیشہ عوام کے مفاد کیلئے کام کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں تب تک کام کرتا رہوں گا جب آخری مزدور اپنے گھر نہ پہنچ جائے۔ انہوں نے خدا کا شکر ادا کیا کہ اس نے ان مزدوروں کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔