آدھار کارڈ پتہ کی تبدیلی آسان

   

صرف خاندان کے سربراہ کو موبائیل پر ok دینا ہوگا
حیدرآباد۔/4جنوری(ایجنسیز)آدھار کارڈ پر پتہ تبدیل کرنا اب بہت آسان ہو گیا ہے۔ یونیک آئیڈینٹی فکیشن اتھارٹی آف انڈیا (یو آئی ڈی اے آئی) نے اس کیلئے ایک نیا اصول بنایا ہے، تاکہ آپ خاندان کے سربراہ کے ایڈریس پروف اور اس کی رضامندی کے ساتھ آدھار کارڈ میں اپنا پتہ آن لائن اپ ڈیٹ کر سکیں۔ اس عمل کے لیے 50 روپے فیس وصول کی جائے گی۔اس سے پہلے آدھار کارڈ پر ایڈریس تبدیل کرنے کیلئے کسی شخص کو ذاتی ایڈریس پروف کی ضرورت ہوتی تھی۔ UIDAI نے ایک سرکاری بیان جاری کرکے اس کی جانکاری دی ہے۔اگر آپ آدھار کارڈ میں ایڈریس کو اپ ڈیٹ کرنا چاہتے ہیں تو آپ راشن کارڈ، مارک شیٹ، شادی کارڈ، خاندان کے سربراہ کا پاسپورٹ جیسے دستاویزات دکھا سکتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ جمع کرائی گئی دستاویز میں درخواست گزار کا خاندان کے سربراہ سے تعلق معلوم ہو۔ اگر دستاویز میں دونوں کے درمیان تعلق واضح نہیں ہے تو سربراہ خو د درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ آدھار میں ایڈریس اپ ڈیٹ کرنے کے لئے آپ کوhttps://myaadhaar.uidai.gov.inویب سائٹ پر جانا ہوگا۔ یہاں آپ ایڈریس کو آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کا آپشن منتخب کر سکتے ہیں۔ پھر خاندان کے سربراہ کا آدھار نمبر ڈالنا ہوگا۔ آدھار کی تصدیق کے بعد، درخواست دہندہ کو خاندان کے سربراہ کے ساتھ تعلقات کو ظاہر کرنے والا ایک دستاویز جمع کرنا ہوگا۔خاندان کے سربراہ کو قبول کرناہوگا۔ اگر وہ مسترد کرتا ہے، یا 30 دن تک رضامندی نہیں دیتا ہے، تو درخواست مسترد کر دی جائے گی۔