آدھار کے درست ہونے کی جانچ کے لیے نئے سافٹ ویر کی تیاری

,

   

سیلفی کے ذریعہ آدھار کی توثیق ، کارڈ کی ضرورت نہیں ، محکمہ آئی ٹی کو ذمہ داری
حیدرآباد۔20 نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے آدھار کے درست ہونے کی جانچ کیلئے ایک نئے سافٹ وئیر کی تیاری عمل میں لائی جارہی ہے جس کے تحت شہریوں کو کارڈ کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ شہریوں کی سیلفی کے ذریعہ ان کے آدھار کی توثیق کی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے تیار کئے جانے والے سافٹ وئیر میں آدھار کا مکمل ڈاٹا کے علاوہ ووٹ آئی ڈی اور پیان کارڈ کی تفصیلات موجود رہیں گی اور اس کیلئے شہریوں کے صرف سیلفی کی ضرورت ہوگی جس کے ذریعہ آدھار کی توثیق کرلی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہریان تلنگانہ کو آدھارکی توثیق کے مراحل سے محفوظ رکھنے کے علاوہ انہیں ضروری کاموں کے لئے ہر مرتبہ آدھار کی ضرورت نہ رہے اس کے لئے یہ سافٹ وئیر تیار کیا جا رہاہے اورکہا جا رہاہے کہ اس سافٹ وئیر کی تیار ی کے لئے ذمہ داری انفارمیشن ٹکنالوجی محکمہ کو فراہم کی گئی ہے اور محکمہ کی جانب سے اس پر کام کرنا شروع کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے تمام شہریوں کے ریکارڈ کو آن لائن کرنے اور ان کی آدھار تفصیلات کو ہمہ وقت تیار رکھنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اس اقدام کے بعدکسی بھی محکمہ کی خدمات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ صرف ایک سیلفی کے بعد محکمہ کو آدھار میں موجود تمام تفصیلات حاصل ہوجائیں گی علاوہ ازیں رائے دہی کے وقت اس سافٹ وئیر سے گذرنے پر آدھار کی توثیق ہوجائے گی اور داخلہ حاصل ہوجائے گا ۔ اس سافٹ وئیر کے کارکرد ہوجانے کی صورت میں ریاست تلنگانہ کے شہریوں کو شناختی کارڈ کی ضرورت باقی نہیں رہے گی کیونکہ ان کے آن لائن شناختی کارڈ صرف ایک سیلفی لیتے ہی حاصل ہوجائیں گے۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیداروں کا کہناہے کہ تجرباتی اساس پر اس سافٹ وئیر کی خدمات کا جائزہ لیا جاچکا ہے اور اس سافٹ وئیر کو محفوظ بنانے کے علاوہ ڈاٹا کو محفوظ رکھنے کے لئے بھی سخت سائبر سیکیوریٹی کے انتظامات کو یقینی بنایاجارہا ہے ۔ سائبر سیکیوریٹی کو مستحکم کرنے کے بعد ہی اس سلسلہ میں مزید پیشرفت کے متعلق کہا جا رہاہے کہ حکومت نے مکمل ڈاٹا محفوظ کرتے ہوئے شہریوں کی تصویر کے ذریعہ انہیں شناخت اور آدھار کی تفصیلات کی فراہمی کے جو اقدام کررہی ہے اس کا مقصد شہریو ںکو سہولت کی فراہمی کے علاوہ مکمل ڈاٹا کو یکجا کرنا ہے جس کے ذریعہ دھوکہ دہی کے علاوہ جعل سازی میں کمی واقع ہوگی اور شہریو ںکو ہر جگہ اپنے آدھار کی تفصیلات فراہم کرنے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہے گی جس کے سبب ان کی شخصی تفصیلات ان کے پاس محفوظ رہیں گی۔