کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے محروم نہ ہونے پائے، سلم علاقوں میں شعور بیداری، سدرشن ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے ریاست میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR 2026 پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر وی وینکٹیشور ریڈی آئی اے ایس، ڈپٹی سی ای او جی ایس چاری، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن آئی اے ایس، کلکٹر میڑچل ملکاجگیری این منو چودھری آئی اے ایس کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ سدرشن ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کے دوران ہر اہل رائے دہندے کا نام فہرست میں شامل کیا جائے اور کسی بھی نااہل رائے دہندے کی شمولیت سے گریز کیا جائے۔ مہم کے دوران اگر کوئی نااہل رائے دہندہ فہرست میں پایا جائے تو اُس کا نام حذف کیا جائے گا۔ سدرشن ریڈی نے کہاکہ SIR مہم انتہائی شفافیت کے ساتھ انجام دی جائے گی اور خامیوں کی گنجائش نہیں رہے گی۔ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ بوتھ سطح کے عہدیداروں کے لئے مناسب ٹریننگ کا اہتمام کریں تاکہ 25 جون سے شروع ہونے والے گھر گھر مہم میں رائے دہندوں کے ناموں کا جائزہ لینے میں کوئی دشواری نہ ہو۔ سدرشن ریڈی نے کہاکہ ایس آئی آر مہم میں بوتھ لیول آفیسرس کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس سے خواہش کی گئی کہ وہ بوتھ لیول آفیسرس کے ناموں کی وقتاً فوقتاً نگرانی کریں۔ میاپنگ کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے بوتھ لیول آفیسرس کو درکار ہر مدد فراہم کی جائے گی۔ سدرشن ریڈی نے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ مہم کے دوران گیٹیڈ کمیونٹیز اور رہائشی کامپلکسوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے SIR سے متعلق شعور بیداری مہم چلائیں تاکہ کوئی بھی حقیقی رائے دہندہ فہرست میں شمولیت سے محروم نہ رہے۔ اُنھوں نے شہری علاقوں میں موجود سلم علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ فہرست میں ناموں کی شمولیت سے متعلق فارمس انگلش اور تلگو میں دستیاب رہیں گے۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اہم اور انتہائی اہم شخصیتوں کے ناموں کی شمولیت اور میاپنگ پر توجہ دیں۔ سدرشن ریڈی نے اعلان کیاکہ ایس آئی آر مہم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے بوتھ لیول آفیسرس کو ’’بسٹ بی ایل او ایوارڈ‘‘ پیش کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کی تفصیلات پیش کیں اور کہاکہ یہ مہم نقائص سے پاک ہونی چاہئے تاکہ کسی بھی فریق کو شکایت کا موقع نہ رہے۔ اُنھوں نے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے نامزد کئے جانے والے بوتھ سطح کے ایجنٹس کے رول کی بھی وضاحت کی۔V/1