آر ایس ایس کا سیاست سے تعلق نہیں : بھاگوت

   

’’سویم سیوک سنگھ 130 کروڑ ہندوستانیوں کی خدمت میں مصروف ‘‘
مرادآباد(یوپی)۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ موہن بھاگوت نے آج کہا کہ ان کی تنظیم کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں اور وہ صرف ملک کے اخلاقی، ثقافتی اور انسانی اقدار کو بڑھاوا دینے کیلئے کام کرتا ہے۔ آر ایس ایس سربراہ مرادآباد میں آر ایس ایس ورکرس کے چار روزہ پروگرام میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے یہاں ایونٹ کے اختتام پر بڑے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اس آرگنائزیشن کا حصہ ہیں جن میں سے بعض سیاسی پارٹیاں بھی چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ہمارے لئے معنی نہیں رکھتے۔ ہم گزشتہ 60 سال سے ملک کے اقدار کو برقرار کھنے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے تردید بھی کی کہ آر ایس ایس ، بی جے پی کو ریموٹ کنٹرول سے چلا رہا ہے اور نشاندہی کی کہ ان کی تنظیم تمام 130 کروڑ ہندوستانیوں کیلئے وقف ہے۔