آر جی آئی ایرپورٹ حیدرآباد کو بین الاقوامی ایوارڈ

,

   

عالمی سطح پر پروازوں کی آمد و رفت کیلئے وقت کی پابندی میں چوتھا مقام

حیدرآباد۔27۔ڈسمبر(سیاست نیوز) عالمی سطح پر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو وقت کی پابندی کے سلسلہ میں چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ عالمی سطح پر پروازوں کی آمد و رفت کے اوقات کارکے متعلق کئے گئے سروے کے دوران ہوئے اس انکشاف کے متعلق شہری فضائیہ کی ایجنسی سیریم کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں وقت پر پروازوں کی آمد و رفت کے سلسلہ میں کسی اور ائیر پورٹ پر اتنی پابندی نہیں ہے جتنی شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کی جاتی ہے۔ سیریم کی رپورٹ کے مطابق راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پروازوں کی روانگی میں کی جانے والی پابندی 88.44 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پروازوں کی مقررہ وقت پر آمد 84.41 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ عالمی سطح پر پروازوں کی آمد و رفت کے معاملہ میں سرفہرست ائیر پورٹ کا اعزاز جاپان کے شہر ہکائیڈو کے چیٹوس ائیر پورٹ کو حاصل ہوا ہے جو کہ پروازوں کی آمد و رفت اپنے وقت معینہ پر 92.95 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بھی جاپان کے شہراوساکا کے اوساکا انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو ہی رکھا گیا ہے اس کے علاوہ تیسرامقام بھی فکووکا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو حاصل ہوا ہے جو کہ جاپان میں ہے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہندوستان کا واحد ائیر پورٹ ہے جس نے اس فہرست میں مقام حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ سیریم نامی ایجنسی جو شہری ہوا بازی اداروں اور ائیر پورٹس کے عالمی تجزیہ کے بعد رپورٹ جاری کرتا ہے اس کے ذمہ داروںکا کہناہے کہ 20 ائیرپورٹس میں جہاں وقت پر پروازوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی ہے ان میں ہندوستان کاکوئی اور ائیر پورٹ شامل نہیں ہے۔م