آر ٹی او کے محل نما مکان پر دھاوا، آمدنی سے 650 گنا اثاثے

   

آر ٹی او اور کلرک بیوی کیخلاف کارروائی ،چار مکانات،ایک فارم ہاؤس،دو لگژری کاریں،15 لاکھ نقد شامل
بھوپال: مدھیہ پردیش کے جبلپور میں ایک سرکاری عہدیدار جوڑے کے گھر پر جب رشوت ستانی کی روک تھام والے شعبہ اقتصادی جرائم (EOW)کے عہدیداروں نے دھاوامنظم کیا تو ضبط شدہ اثاثہ جات کی تفصیلات،سونا چاندی ،جائیدادوں کے دستاویزات اور نقد رقم دیکھ کرحیرت زدہ ہوگئے۔ سنتوش پال جوکہ آر ٹی او کے عہدہ پر فائز ہے اور ساتھ ہی ان کی اہلیہ لیکھاپال ان کے ہی دفتر میں بطور کلرک کام کرتی ہے ۔ دونوں کے پاس آمدنی سے 650 گنا زائد اثاثہ جات کی شکایت کے بعد گزشتہ رات ای او ڈبلیو ٹیم نے ان کے مکان پر دھاوا کیا ۔ان دھاؤوں کے دوران اس جوڑے کے مکان اوران کے رہن سہن کو دیکھ کر خودعہدیدار بھی ایک دوسرے کا منہ تکتے رہ گئے۔ سنتوش اور لیکھاکے اس محل نمامکان میں ایک سوئمنگ پول،انتہائی عصری ضرورتوں سے آراستہ باتھ روم اور مِنی بار کیساتھ پرتعیش خصوصیات نے عہدیداروں کو چونکا دیا۔
کہ اس مکان میں کسی فائیو اسٹار ریسارٹ سے زیادہ سہولتیں موجود ہیں۔دس ہزار مربع فیٹ پرمشتمل آر ٹی اوکے اس محل نما مکان میں ایک جدید ہوم تھیٹر اور ایک عصری سہولتوں سے آراستہ دفتربھی موجود ہے۔ ان دھاؤوں کے دوران عہدیداروں نیاس مکان سے مزید چار مکانات اور ایک فارم ہاؤس کے دستاویزات،15 لاکھ روپئے نقد،مہنگے زیورات، لگڑری کاریں اور موٹرسیکلوں کے دستاویزات بھی ضبط کیے ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہواہے کہ آر ٹی اوسنتوش پال اور ان کی کلرک بیوی لیکھاپال کے پاس سے ان کی آمدنی سے 650 گنا زائد غیر محسوب اثاثہ جات ضبط کیے گئے ہیں۔اور ان دونوں کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔