15 فبروری سے نئے کارڈس کی اجرائی متوقع
حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) آر ٹی اے دستاویزات جیسے ڈرائیونگ لائسنس، رجسٹریشن سرٹیفکیٹس وغیرہ کے حصول کیلئے اسمارٹ کارڈس کی جو قلت ہے وہ اس ماہ دور ہوجائے گی کیونکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے نئے ڈیزائن کے ساتھ نئے کارڈس شروع کئے جائیں گے اور انہیں 15 فبروری سے جاری کیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ میں اسمارٹ کارڈس کی قلت ہورہی ہے جس کی وجہ آر ٹی اے دستاویزات کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے اور موٹر گاڑی والوں کو تقریباً تمام آر ٹی اے دفاتر میں 45 دن سے زیادہ انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ قواعد کے مطابق عہدیدار رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد پہلے ایک کاؤنٹر سلپ جاری کرتے ہیں۔ یہ سلپ سات دن تک کارآمد ہوتی ہے۔ آر ٹی اے ذرائع کے مطابق عہدیداروں نے اس سلسلہ میں مہاراشٹرا کے ایک کنٹراکٹر کی خدمات حاصل کی ہیں جنہیں محکمہ ٹرانسپورٹ کو نئے اسمارٹ کارڈس سپلائی کرنے کا کام دیا گیا ہے۔ وہ ایک چپ کے ساتھ ہلکے سبز رنگ کے ہیں۔ آر سی میں گاڑی کے مالک کی فوٹو، نام اور پتہ ہونے کے علاوہ چیسیس، انجن نمبر اور دیگر تفصیلات ہوں گی۔ اسی طرح ڈرائیونگ لائسنس ہلکے سبز رنگ کا ہوگا۔ ان میں ایک کیو آر کوڈ ہوگا۔ رجسٹریشن نمبر، رجسٹریشن کی تاریخ اور اس کی ویلیڈیٹی جیسی تفصیلات کے ساتھ۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ نئے کنٹراکٹر کی جانب سے کارڈس کی سربراہی کے ساتھ کارڈس بلارکاوٹ جاری کئے جائیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کا حق محکمہ کو ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تاخیر اس وجہ سے ہورہی کیونکہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ٹنڈرس، تلنگانہ اسٹیٹ ٹیکنالوجیکل سرویسیس (TSTS) کے تحت طلب کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر کارڈس کی قلت ہوتی ہے تو محکمہ کی جانب سے TSTS کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اس سے آگاہ کیا جاتا ہے اور وہ ٹنڈرس طلب کرتے ہیں اور کارڈس سربراہ کئے جاتے ہیں۔ اگر یہ کام محکمہ کے پاس ہی ہو تو اس میں تاخیر نہیں ہوگی‘‘۔