آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات پر حکومت کا مثبت ردعمل ، ہڑتال ختم کرنے کی اپیل

   

ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور ڈی سریدھر بابو کی انتہائی اقدام نہ کرنے کی جذباتی اپیل
حیدرآباد ۔23۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاری آر ٹی سی ہڑتال کے دوران ریاستی حکومت نے ملازمین کے مطالبات پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آر ٹی سی کارکنوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور جلد مناسب اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ پونم پربھاکر نے واضح کیا کہ ملازمت کے تحفظ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غلط فہمی نہ پھیلائی جائے ۔ حکومت کسی بھی ملازم کو برطرف نہیں کرے گی۔ کانگریس حکومت آر ٹی سی ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ ہے اور مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ادارہ کے استحکام کیلئے کام کر رہی ہے اور کابینہ کے تمام وزراء نے بھی ملازمت کے حق میں اپنی رائے پیش کی ہے۔ اس دوران ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت سریدھر بابو نے بھی آر ٹی سی ملازمین سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی انتہائی قدم سے گریز کریں۔ کابینہ کے اجلاس میں ہڑتال اور کارکنوں کے مسائل پر تفصیلی بحث ہوئی ہے اور حکومت مذاکرات کے ذریعہ مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ ریاست بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ اس لئے کسی کو بھی مایوس ہوکر خودکشی جیسے اقدامات نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے ملازمین اور عوام سے حکومت پر اعتماد رکھنے کی اپیل کی اور یقین دلایا کہ تمام مسائل کو پرامن طریقہ سے حل کیا جائے گا۔ حکومت کے ان بیانات کے بعد اب امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی مذاکرات کا عمل شروع ہوگا اور جاری ہڑتال کے خاتمہ کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ 2/k/m/b