آر ٹی سی ڈرائیور کے اقدام خودسوزی سے سنسنی

   

نلگنڈہ23اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نلگنڈہ بس اسٹینڈ پر اس وقت کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی جب آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے دوران ایک ڈرائیور نے خودکشی کی کوشش کی جس سے وہاں سنسنی پھیل گئی۔تفصیلات کے مطابق آر ٹی سی کے ڈرائیور آر۔ وینکنا نے حکومت کی جانب سے مطالبات پر عدم توجہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنے جسم پر پٹرول ڈال کر خودسوزی کی کوشش کی۔ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں اور دیگر ملازمین نے فوری طور پر مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں روک لیاجس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔واقعہ کے بعد وینکنا کی طبیعت ناساز ہوگئی جس پر انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد بس ڈپو کے باہر بڑی تعداد میں ملازمین جمع ہوگئے اور اپنے مطالبات کی منظوری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہڑتال مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔