آزادی کے 75سال : قطر میں فری میڈیکل کیمپ

   

نئی دہلی/دوحہ : علیگڑھ مسلم یونیورسٹی الومنی ایسوسی ایشن قطر نے ریادہ میڈیکل سنٹر دوحہ کے ساتھ مل کر آزادی کے امرت مہوتسو کی تقریبات کے سلسلے میں دوحہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس کا افتتاح قطر میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر دیپک متل نے کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں خدمت کے اس جذبے اور کوشش کی تعریف کی اور سبھوں کو یوم آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔اس موقع پر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی الومنی ایسوسی ایشن قطر کے صدر ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی نے مہمان خصوصی اور ریادہ میڈیکل سنٹر کے مینیجنگ ڈائریکٹرجامشیر حمزہ کا شکریہ ادا کیا اور ایسوسیشن کے ذریعے سال رواں میں منعقدہ تقریبات و تحریکات کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ریادہ میڈیکل سنٹر کی جانب سے مینیجنگ ڈائریکٹر جامشیر حمزہ نے سفیر ہند اور مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنے اسپتال کے مختلف شعبوں اور طبی سہولتوں کے متعلق لوگوں کو بتایا۔پروگرام میں اے ۔ایم۔یو۔ ریادہ میڈیکل کارڈ کی رونمائی بھی ڈاکٹر ندیم جیلانی، ڈاکٹر انتخاب عالم، انجینئر جاوید احمد، جامشیر حمزہ اور ڈاکٹر عبد الکلام کی موجودگی میں انجام پائی۔