آسٹریلیا میں بیوی بچوں کو زندہ جلانے کے بعد شوہر کی خودکشی

   

سڈنی ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برسبین کے مضافاتی علاقہ میں ایک گھریلو تشدد کے واقعہ کے بعد شوہر نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو کار میں زندہ جلادیا جس نے پورے آسٹریلیا میں غم کی لہر دوڑا دی ہے جس میں وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے بھی شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔ 31 سالہ ہنا بیکسٹر اور اس کے تین بچوں 6 سالہ عالیہ، 4 سالہ لائنا اور 3 سالہ ٹرے اس وقت جھلس کر ہلاک ہوگئے جب ان سے علحدہ رہنے والے والد روون بیکسٹر نے کار میں بیٹھی اس سے علحدہ رہنے والی بیوی اور تین بچوں کو کار میں آگ لگا کر زندہ جلادیا۔ بعدازاں شوہر کی نعش بھی مقام واردات کے قریب پائی گئی جس نے خود کو چاقو گھونپ لیا تھا۔ رووون بیکسٹر آسٹریلیا کی رگبی لیگ کا ایک کھلاڑی تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم موریسن نے بھی شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ تشدد کا یہ ایک رونگٹے کھڑے کردینے والا واقعہ تھا۔ آسٹریلیا میں گھریلو تشدد کے واقعات عام ہیں اور فیملی کورٹ کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔