آسٹریلیا میں خاتون ڈاکٹر کا قتل

   

ملبورن۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک 32 سالہ ہندوستانی نژاد دانتوں کی خاتون ڈاکٹر جو گزشتہ کچھ دنوں سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی، کے بارے میں تازہ ترین اطلاع یہ ہے کہ اس کا قتل کیا گیا ہے اور اس کی نعش سڈنی میں ایک سوٹ کیس میں پائی گئی تھی جس پر زخموں کے کئی نشانات موجود تھے۔ خاتون ڈاکٹر کی شناخت پریتی ریڈی کی حیثیت سے ہوئی ہے اور جس شخص نے اس کا قتل کیا ہے اس کی شناخت بھی ایک ہندوستانی نژاد ڈاکٹر اور مقتولہ کے سابق بوائے فرینڈ ہرش ناردے کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ پریتی ریڈی کے لاپتہ ہونے کے صرف ایک روز بعد ناردے کی بی ایم ڈبلیو کار نیو انگلینڈ ہائی وے پر ایک ٹرک سے ٹکراگئی تھی جس میں اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ کہا جارہا ہے کہ گاڑیوں کی یہ ٹکر قصداً کروائی گئی تھی جو اس مقام سے قریب ہے جہاں پریتی ریڈی کی نعش ملی تھی۔ پولیس نے ناردے سے بھی پریتی ریڈی کی گمشدگی سے متعلق پوچھ گچھ کی تھی۔ بہرحال پولیس اس معاملے کو کسی فلمی کہانی کی طرح پراسرار بتا رہی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔